رسائی کے لنکس

امریکہ: لڑاکا طیارہ گر کر تباہ، تائیوانی پائلٹ ہلاک


فضائی اڈے کے کمانڈر کے بقول حادثے کا شکار ہونے والا تائیوان کا پائلٹ گزشتہ چھ ماہ سے اس اڈے پر موجود تھا اور اس دوران متعدد بار ایسی ہی جنگی تربیتی مشقوں میں حصہ لے چکا تھا۔

امریکہ کی فوج نے بتایا ہے کہ جمعرات کو ریاست ایریزونا میں دوران تربیت گر کر تباہ ہونے والے لڑاکا طیارے کا پائلٹ اس واقعے میں بظاہر زندہ نہیں بچ سکا ہے۔

حکام کے مطابق تائیوان کا ایک تربیتی پائلٹ امریکی فضائیہ کے اڈے پر تعینات تھا اور جمعرات کو فضا میں لڑائی حکمت عملی کی تربیت حاصل کرتے ہوئے اس کا ایف سولہ طیارہ باگڈاڈ کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

مرنے والے پائلٹ کا نام تاحال نہیں بتایا گیا اور حکام کے بقول یہ جہاز تائیوان کی ملکیت تھا اور یہ پائلٹ اس غیر ملکی اتحادی لڑاکا ہوابازوں کے گروپ میں شامل تھا جو لیوک ایئربیس پر تربیت حاصل کرنے آئے تھے۔

ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ طیارے کے ملبے کے قریب سے حکام کو انسانی اعضا بھی ملے ہیں۔

فضائی اڈے کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل اسکاٹ پلیوس نے صحافیوں کو بتایا کہ طیارے پر کسی قسم کا اسلحہ موجود نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ "ایسے اشارے ملے ہیں جن کی بنا پر مجھے یہ یقین ہو چلا ہے کہ اس حادثے میں پائلٹ زندہ نہیں بچ سکا۔"

پلیوس نے بتایا کہ حادثے کے وقت فضا میں تربیت کار ایک دوسرے طیارے میں موجود تھا جو پائلٹ کو مختلف جنگی حربوں سے متعلق ہدایات دے رہا تھا۔

ان کے بقول حادثے کا شکار ہونے والا تائیوان کا پائلٹ گزشتہ چھ ماہ سے اس اڈے پر موجود تھا اور اس دوران متعدد بار ایسی ہی جنگی تربیتی مشقوں میں حصہ لے چکا تھا۔

XS
SM
MD
LG