رسائی کے لنکس

پاکستانی کرنسی کے مقابلے پر ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹر بینک میں منگل کو پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا رجحان جاری ہے۔

عیدالاضحیٰ کی تعطیلات اور بینک تعطیل کے بعد منگل کو جب مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تو ایک موقع پر ڈالر کی قیمت میں 11 روپے ایک پیسے تک کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ٹریڈنگ کے دوران انٹربینک میں ایک امریکی ڈالر 274 روپے 98 پیسے تک پہنچ گیا جو عید کی تعطیلات سے قبل آخری کاروباری دن 285 روپے 99 پیسے کی سطح پر بند ہوا تھا۔

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے اور ایک موقع پر ٹریڈنگ کے دوران ڈالر 10 روپے سستا ہوکر 280 روپے کا ہوگیا۔

لگ بھگ دو ماہ کےدوران ڈالر کی قیمت میں 20 روپے سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے۔ گیارہ مئی کو انٹر بینک میں ڈالر ریکارڈ 298 روپے تھا۔

ڈالر کی قدر میں بڑی کمی ایسے موقع پر ریکارڈ کی گئی ہے جب حال ہی میں عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے اسٹینڈ بائی پروگرام کی منظوری دی تھی۔ جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ڈالر کی قیمت میں کمی واقع ہوگی۔

نئے اسٹینڈ بائی معاہدے کے تحت پاکستان کو اگلے نو ماہ میں لگ بھگ تین ارب ڈالر تک کی رقم مل سکتی ہے جسے پاکستانی معیشت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG