رسائی کے لنکس

ٹرمپ پوٹن ملاقات کی کوششیں جاری: وائٹ ہاؤس حکام


فائل
فائل

وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے مابین ملاقات کا پروگرام طے کیا جا رہا ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں میں شناخت نہ کردہ ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات اگلے ماہ ٹرمپ کے دورہٴ یورپ کے دوران ہونے کی توقع ہے۔ دونوں سربراہان کی ملاقات11 اور 12 جولائی کو برسلز میں نیٹو کے سربراہ اجلاس سے قبل؛ یا پھر دو روز بعد ٹرمپ کے دورہٴ برطانیہ کے دوران ہو سکتی ہے۔

قومی سلامتی کونسل کے ترجمان، گریٹ مارکس نے جمعرات کو ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ’’جون کی 25 سے 27 تک امریکی نیشنل سکیورٹی کے مشیر جان بولٹن لندن اور روم میں امریکی اتحادیوں سے ملیں گے، جہاں وہ قومی سلامتی کے امور سے متعلق بات کریں گے اور ماسکو جائیں گے جہاں وہ صدر ٹرمپ اور پوٹن کے درمیان ممکنہ ملاقات پر بات کریں گے‘‘۔

پوٹن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے اخباری نمائندوں کے ساتھ ایک ٹیلی فون کال میں اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ اگلے ہفتے بولٹن روس کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ملاقات کی تیاری سے متعلق بات کریں گے۔

ملاقات کا مقام طے نہیں ہوا۔ لیکن، اس سے قبل متعدد غیر ملکی میڈیا تنظیموں نے اطلاع دی ہے کہ نیٹو سربراہ اجلاس کے بعد پوٹن اور ٹرمپ کسی یورپی دارالحکومت میں ملاقات کر سکتے ہیں۔ چند میڈیا رپورٹوں میں اس ممکنہ ملاقات کا مقام ویانا بتایا گیا ہے۔

ٹرمپ نے عالمی سطح پر پوٹن کا رتبہ بحال کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں کیوبک میں جی 7کے سربراہ اجلاس میں ٹرمپ نے تجویز دی تھی کہ روس کو آٹھ ممالک کے گروپ میں پھر سے شامل کیا جائے۔ سنہ 2014 میں کرائمیا کو ضم کرنے کی پاداش میں روس کی رکنیت منسوخ کر دی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG