رسائی کے لنکس

مستقبل میں پاکستان خطے کا بہترین ملک ہوگا: وزیر اعظم


میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی سے لاہور تک موٹروے بنائی جا رہی ہے، کراچی سے حیدر آباد موٹروے پر کام جاری ہے، حیدر آباد سے سکھر موٹروے پر جلد معاملات طے پاجائیں گے، جبکہ پشاور، بلوچستان موٹروے کے ذریعے کراچی سے آپس میں ملا دیئے جائیں گے

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مستقبل میں پاکستان اپنے ترقیاتی منصوبوں کی بدولت خطے کا بہترین ملک ہوگا، اس لئے آنے والے وقت میں ہم ترقیاتی کاموں کی بات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی صبح کراچی میں گرین لائن بس سروس کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے کہی۔

وزیر اعظم سنگِ بنیاد رکھنے کی غرض سے جمعہ کی صبح ہی اسلام آباد سے کراچی پہنچے تھے۔ تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ اور دیگر اہم سرکاری شخصیات اور عہدیدار موجود تھے۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ گرین لائن منصوبہ کراچی کے لئے انتہائی ضروری ہے، اسے ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ شہر کے باقی تمام بڑے منصوبے بھی مکمل کریں گے۔ انہوں نے لیاری ایکسپریس وے کا خاص طور سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر کام مارچ میں شروع ہوجائے گا۔

میاں نواز شریف نے کہا کہ کراچی سے لاہور تک موٹروے بنائی جارہی ہے۔ کراچی سے حیدر آباد موٹروے پر کام جاری ہے۔ حیدر آباد سے سکھر موٹر وے پر جلد معاملات طے پاجائیں گے جبکہ پشاور، بلوچستان موٹر وے کے ذریعے کراچی سے آپس میں ملا دیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تمام شعبوں میں کام شروع کردیا گیا ہے۔

وزیر اعظم سے قبل گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا جس میں انہوں نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

گورنر سندھ نے لیاری ایکسپریس وے اور ملیر ایکسپریس وے منصوبوں کے عرصے سے رکے ہوئے کاموں اور اس میں تاخیر کی جانب بھی وزیر اعظم کی توجہ دلائی جبکہ کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کو اپنے ”بچپن کا دیرینہ منصوبہ‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے لئے جاپانی فرم ’جائیکا‘ نے آنا ہے تو آئے ورنہ ہم اسے خود ہی تعمیر کرلیں گے۔

وڈیو رپورٹ پر کلک کیجئیے:

گرین لائن بس پراجیکٹ: کراچی کے شہریوں کے ملے جلے تاثرات
please wait

No media source currently available

0:00 0:05:25 0:00

XS
SM
MD
LG