رسائی کے لنکس

جوگیزئی کو گورنر نامزد نہیں کیا: وزیرِ اعظم ہاؤس کی وضاحت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گزشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کیا ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم ہاؤس نے وضاحت کی ہے کہ امیر محمد خان جوگیزئی کو بلوچستان کا گورنر بنائے جانے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

وزیرِ اعظم ہاؤس کی جانب سے یہ وضاحت امیر محمد خان جوگیزئی کے خلاف بدعنوانی کے الزام میں تحقیقات جاری ہونے کی خبریں منظرِ عام پر آنے کے بعد سامنے آئی ہے جس پر کئی حلقوں نے ان کی نامزدگی پر تنقید کی تھی۔

ترجمان وزیرِ اعظم ہاؤس کی جانب سے اتوار کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان کا عہدہ دیے جانے کی تجویز زیرِ غور تھی لیکن اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔

بیان کے مطابق بعض شواہد کی بنیاد پر اس تجویز پر مزید کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور انہیں گورنر بنائے جانے کی خبر میں صداقت نہیں ہے۔

گزشتہ روز پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کیا ہے۔

اس اعلامیے کی بنیاد پر جوگیزئی کی نامزدگی کی خبر تمام ٹی وی چینلز نے نشر کی تھی جس کی حکومت کے کسی ذمہ دار یا تحریکِ انصاف کے رہنما نے تردید نہیں کی تھی۔

لیکن امیر محمد خان جوگیزئی کی نامزدگی کے اعلان کے کچھ دیر بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ان کے خلاف قومی احتساب بیورو میں بدعنوانی کے الزام میں تحقیقات جاری ہیں جس پر سوشل اور الیکٹرانک میڈیا میں ان کی نامزدگی پر سوال اٹھنا شروع ہوگئے تھے۔

ڈاکٹر امیر جوگزئی پر کڈنی سینٹر کوئٹہ کے لیے زائد قیمت پر مشینری خریدنے کا الزام ہے اور ان کے خلاف قومی احتساب بیورو نے 2015ء میں تحقیقات کی منظوری دی تھی۔

امیر محمد خان جوگیزئی کے خلاف بدعنوانی کے الزام میں جاری تحقیقات کی خبریں نشر ہونے کے بعد ہفتے کی شب ان کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے عہدہ قبول کرنے سے معذرت کی تھی۔

لیکن کچھ دیر بعد مختلف ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی نے کہا تھا کہ انھوں نے گورنر بلوچستان کا عہدہ قبول کرنے سے معذرت نہیں کی بلکہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

ڈاکٹر جوگیزئی کے بقول انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ وہ تحقیقات مکمل ہونے تک عہدے کا حلف نہیں اٹھائیں گے۔

اپنے ویڈیو بیان میں ڈاکٹر جوگیزئی نے کہا تھا کہ وہ وزیرِ اعظم اور بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے کیے جانے والے اعتماد پر ان کے شکر گزار ہیں لیکن وہ نہیں چاہتے کہ ان کی وجہ سے کسی کے اوپر کوئی حرف آئے۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا تھا کہ عمران خان کا احترام ان کے لیے ہر چیز سے بالاتر ہے جس کی وجہ سے وہ یہ عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرتے ہیں۔

امیر محمد خان جوگیزئی پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں اور بلوچستان کے محکمۂ صحت میں مختلف ذمہ داریوں پر رہ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG