رسائی کے لنکس

کراچی: دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا افتتاح


نمائش کا افتتاح وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کیا جبکہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سمیت متعدد اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

کراچی میں دفاعی ہتھیاروں اور دیگر سازوسامان کی نمائش ’ آئیڈیاز 2016‘ منگل سے شروع ہوگئی۔

نمائش کا افتتاح وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کیا جبکہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سمیت متعدد اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں جن میں وزیردفاع خواجہ آصف، وزیر مملکت برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر وغیرہ شامل ہیں۔

افتتاحی خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز 2016 میں شرکت باعث مسرت ہے، ملک میں دفاعی صنعت تیزی سے ترقی کررہی ہے۔حکومت مستحکم اور مضبوط معیشت کے لیے پرعزم ہےجبکہ عالمی مالیاتی اداروں میں بھی پاکستان کی درجہ بندی بہتر ہوگئی ہے۔

وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔ حکومت کی موثرپالیسی کے نتیجے میں توانائی کی فراہمی میں اضافہ ہوا ہے ۔ایک سال سے صنعتی شعبے میں لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی جبکہ2018 تک توانائی بحران پر مکمل قابو پالیں گے۔

قبل ازیں رانا تنویر نے کہا کہ آئیڈیاز 2016 کا سلوگن’ ہتھیار برائے امن‘ ہے۔

پاکستان نے الخالد ٹینک، جے ایف 17 تھنڈر اور دیگر جدید ہتھیار سامان حرب کو نمائش کا حصہ بنایا ہے جبکہ 43 ملکوں کی 418 کمپنیوں نے بھی اپنی مختلف مصنوعات نمائش کی غرض سے پیش کی ہیں۔

نمائش چار روز تک جاری رہے گی ۔ آخری دن عام لوگوں کے لئے مخصوص ہے جبکہ باقی دنوں میں 90 غیر ملکی وفود نمائش دیکھیں گے ۔

XS
SM
MD
LG