رسائی کے لنکس

عمران خان جہاں بھی جائیں انہیں سخت سیکیورٹی دی جائے: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزارتِ داخلہ کو حکم دیا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

عمران خان کو سیکیورٹی تھریٹ کی اطلاع کے بعد وزیرِ اعظم نے وزارتِ داخلہ کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق وزارتِ داخلہ نےبھی ایک مراسلے میں کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگر سیکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

وزارتِ داخلہ کا مراسلے میں مزید کہنا ہے کہ عمران خان کے جلسے، جلوس اور عوامی سرگرمیوں کے دوران سیکیورٹی سے متعلق غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔

عمران خان کی سیکیورٹی سے متعلق وزیرِ اعظم کے احکامات اور وزارتِ داخلہ کا مراسلہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب نئی حکومت کے خلاف اور نئے انتخابات کے انعقاد کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے ملک بھر میں بڑے جلسے کیے جا رہے ہیں۔

جمعرات کو بھی لاہور کے مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں تحریکِ انصاف کا جلسہ ہونا ہے جس سےعمران خان خطاب کریں گے۔اس سے قبل بھی تحریک انصاف نے پشاور اور کراچی میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا تھا۔

لاہور جلسے سےمتعلق پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہےکہ حکومت اس جلسے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس ضمن میں جمعرات کو لاہور میں موبائل فونز سگنلز بند ہو سکتے ہیں۔

تاہم وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پرامن عوامی اجتماعات جمہوریت کا حصہ ہیں اور وزیرِ اعظم کی ہدایت ہے کہ جلسے جلوسوں میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہ کی جائے۔

XS
SM
MD
LG