رسائی کے لنکس

logo-print

مسلم لیگ (ن) کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی درخواستیں مسترد


مسلم لیگ (ن) کی ریلی (فائل)

نواز شریف کے نام پر رجسٹرڈ مسلم لیگ ن کے خلاف یہ درخواستیں پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور، نیاز انقلابی ایڈووکیٹ، ابرار حسین رضا اور رئیس عبدالوحید نے دائر کی تھیں

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے متفقہ طور پر چاروں درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔

درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا ہے۔ اس لیے آئین و قانون کی رو سے ان کے نام پر سیاسی جماعت رجسٹرڈ نہیں ہو سکتی۔ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں ن لیگ کی رجسٹریشن منسوخ کردے۔

نواز شریف کے نام پر رجسٹرڈ مسلم لیگ ن کے خلاف یہ درخواستیں پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور، نیاز انقلابی ایڈووکیٹ، ابرار حسین رضا اور رئیس عبدالوحید نے دائر کی تھیں۔

چيف اليكشن كمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا كی سربراہی ميں دو ركنی بنچ نے 10 ستمبر کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا جو آج سنا دیا گیا۔ کمیشن کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ برس نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ آئین کے تحت وزارت عظمیٰ کے ساتھ ساتھ پارٹی صدارت سے بھی معزول ہوگئے۔ لیکن، مسلم لیگ (ن) پارلیمنٹ میں عددی اکثریت کی بنیاد پر آئین میں ترمیم کرکے نواز شریف کو دوبارہ پارٹی کا صدر منتخب کرانے میں کامیاب ہوگئی۔

سپریم کورٹ نے اس پارلیمان میں کی گئی اس آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دے دیا، جس کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کو پارٹی کا تاحیات قائد منتخب کرلیا۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد نواز شریف اس وقت اڈیالہ جیل میں نیب عدالت کی دی گئی سزا کاٹ رہے ہیں۔ تاہم، اپنی اہلیہ کے انتقال کے باعث انہیں تین روز کے لیے پیرول پر رہائی ملی ہوئی ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG