رسائی کے لنکس

'پولینڈ مشتبہ نازی کمانڈر کی امریکہ سے حوالگی کا مطالبہ کرے گا'


پولینڈ کے دیہات میں 1944ء میں مارے گئے لوگوں کی یادگار پر ایک خاتون کھڑی ہیں۔
پولینڈ کے دیہات میں 1944ء میں مارے گئے لوگوں کی یادگار پر ایک خاتون کھڑی ہیں۔

کارکوک کے اہل خانہ تواتر سے ان الزامات کی تردید کرتے ہیں جس کی عمر اب 98 سال ہے اور اس کے اہل خانہ کے بقول وہ الزائمر کے مرض کا شکار ہے۔

پولینڈ ایک ایسے امریکی شہری کی امریکہ سے حوالگی کا مطالبہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس پر شبہ ہے کہ وہ جنگ عظیم دوئم میں 44 پولش باشندوں کی موت میں ملوث ہو کر انسانیت کے خلاف جرم کا مرتکب ہوا تھا۔

پولینڈ کی حکومت سے وابستہ انسٹیٹیوٹ آف نیشنل ریممبرینس (آئی پی این) نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ اس شخص کا نام مائیکل کے ہے اور شبہ ہے کہ اس نے 1944ء میں مشرقی پولینڈ میں مقامی لوگوں کو قتل کرنے کا حکم دیا تھا۔ وہ اُس وقت جرمن نازیوں کی زیر قیادت ایک دفاعی یونٹ کا کمانڈر تھا۔

آئی پی این کا کہنا تھا کہ اس حکم سے متعدد دیہاتوں کو نذر آتش اور عمارتوں کو تباہ کیا گیا۔

آئی پی این کے ایک وکیل رابرٹ جانسکی نے بین الاقوامی خبررساں ایجنسی "روئٹرز" کو بتایا کہ "ہماری تحقیقات کے مطابق مائیکل اس کا مرکزی ملزم ہے۔ یہ یقین ہے کہ امریکہ میں مقیم اس شخص نے دیہاتوں کے لیے یہ حکم دیا۔ ہم نے جتنے ثبوت جمع کیے ہیں جس میں زیادہ تر دستاویزات ہیں، ان سے اس تصدیق ہوتی ہے۔"

آئی پی این نے پولینڈ کے شہر لوبلن کی ایک عدات سے کہا ہے کہ وہ مائیکل کے کے نام کے وارنٹ گرفتاری جاری کرے جو کہ اس کی حوالگی کی درخواست کے لیے پہلا قدم ہوگا۔

جانسکی نے مائیکل کے کا خاندانی نام قوانین کے باعث واضح نہیں کیا، لیکن امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" اسے مائیکل کارکوک ظاہر کرتے ہوئے کہہ چکی ہے کہ وہ منیسوٹا کا رہائشی ہے۔

2013ء میں خبر ایجنسی کی طرف سے شائع ہونے ایک مضمون میں کارکوک کے نازیوں کے ساتھ تعلقات کا تفصیل سے ذکر کیا گیا تھا اور اس کے بقول اس شخص کے امریکہ منتقل ہونے سے جرمنی اور پولینڈ میں اس سے متعلق تحقیقات تیز کر دی گئی تھیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کارکوک کے اہل خانہ تواتر سے ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔ خبر ایجنسی نے پیر کو بتایا کہ مائیکل کارکوک کی عمر اب 98 سال ہے اور اس کے اہل خانہ کے بقول وہ الزائمر کے مرض کا شکار ہے۔

روئٹرز کی طرف سے اس بارے میں کارکوک سے ردعمل لینے کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہو سکیں۔

وکیل جانسکی کا کہنا تھا کہ کارکوک کی عمر تفتیش کاروں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔

XS
SM
MD
LG