رسائی کے لنکس

برطانیہ: وین ڈرائیور نے تین افراد کو کچل کر ہلاک کر دیا


برطانیہ کے شہر نوٹنگھم میں ایک سفید وین کے ڈرائیور نے پولیس سے بچنے کے لیے اندھا دھند گاڑی بھگاتے ہوئے تین افراد کو کچل کر ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا۔ فوٹو اے پی 13 جون 2023
برطانیہ کے شہر نوٹنگھم میں ایک سفید وین کے ڈرائیور نے پولیس سے بچنے کے لیے اندھا دھند گاڑی بھگاتے ہوئے تین افراد کو کچل کر ہلاک اور تین کو زخمی کر دیا۔ فوٹو اے پی 13 جون 2023

برطانیہ کے شہر نوٹنگھم شائر میں علی الصباح ایک ویگن کی ٹکر میں تین افراد کی ہلاکت اور دیگر تین راہگیروں کے زخمی ہو جانے کےبعد ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق منگل کی صبح ایک چاقو بردار حملہ آور نے کالج کے دو طالبعلموں کو چاقو گھونپ کر ہلاک کیا اور پھر ایک ادھیڑ عمر شخص کو چاقو مار کر ہلاک کیا، اس کی وین چرائی اور افرا تفری پھیل جانے کے دوران تین پیدل چلنے والوں پر گاڑی چڑھا دی ۔

نوٹنگم شائر کی پولیس چیف کانسٹیبل کیٹ مینل نے کہا ہے کہ یہ ایک ہولناک اور المناک واقعہ ہے جس میں تین افراد کی جانیں گئی ہیں۔

منگل کی صبح چار بجے کے بعد ایک گلی میں دو افراد مردہ پائے گئے جب کہ دوسری گلی میں ایک اور شخص مردہ حالت میں ملا۔ وین کی ٹکر سے دیگر مختلف جگہوں پر تین افراد زخمی ہوئے جن کا ایک اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ تاہم ان کی حالت کے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔

ایک عینی شاہد لین ہیگٹ نے بتایا کہ وہ صبح کام پر جا رہی تھیں کہ ساڑھے پانچ بجے ایک سفید رنگ کی وین ان کے قریب آئی۔ انہوں نے دیکھا کہ وین کا ڈرائیور گاڑی کے شیشے میں سے عقب میں قریب آتی ہوئی پولیس کی گاڑی کو دیکھ رہا تھا۔جس پر ڈرائیور نے وین کی رفتار بڑھا دی اور گلی کے کونے پر ایک مرد اور ایک عورت کو ٹکر مار دی۔

ہیگٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’’ وہ سیدھا راہگیروں کی طرف چلا گیا۔اس نے گاڑی موڑنے کی زحمت تک نہیں کی۔ عورت کونے میں گر گئی جب کہ گاڑی نے مرد کو ہوا میں اچھال دیا۔ یہ ایک ایسی ٹکر تھی کہ کاش میں نے اسے کبھی نہ دیکھا ہوتا۔ اس نے مجھے ہلا کر رکھ دیا۔

ان کا مزید کہناتھا کہ پھر وہ ڈرائیور تیزی سے شہر کے مرکزی حصے سے گزرا۔ پولیس اس کے پیچھے تھی۔

پولیس اہل کار نوٹنگھم شائر میں جائے وقوع پر دکھائی دے رہے ہیں۔
پولیس اہل کار نوٹنگھم شائر میں جائے وقوع پر دکھائی دے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے شخص کے سر میں چوٹ لگی تھی ۔ جب کہ عورت گلی کے کونے میں بیٹھی تھی اور وہ بظاہر ٹھیک لگ رہی تھی۔

پولیس نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا کہ اس واقعہ کا محرک کیا تھا۔ تاہم مقامی پولیس اس بارے میں تفتیش کر رہی ہے۔

چیف پولیس کنسٹیبل کا کہنا ہے کہ ہمارا خیال ہے کہ یہ تینوں واقعات آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور ایک شخص ہماری حراست میں ہے۔ ابھی تفتیش اپنے ابتدائی مراحل میں ہے اور تفتیش کار یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ حقیقتاً ہوا کیا تھا۔

یونیورسٹی آف نوٹنگھم کے ایک طالب علم کین بریڈی نے کہا ہے کہ صبح اس کی آنکھ مسلح پولیس کی بلند آوازوں اور باہر گولیاں چلنے کی آوازوں سے کھلی۔

نوٹنگھم شائر پولیس کے فورینسک شعبے کے اہل کار وین میں سے سامان نکال کر لے جا رہے ہیں۔ 13 جون 2023
نوٹنگھم شائر پولیس کے فورینسک شعبے کے اہل کار وین میں سے سامان نکال کر لے جا رہے ہیں۔ 13 جون 2023

ان کا مزید کہناتھا کہ انہوں نے سٹین گنز سے مسلح پولیس اہل کاروں کو ایک شخص کو وین سے گھسیٹ کر باہر نکالتے اور اسے زمین پر لٹاتے ہوئے دیکھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور اپنی گرفتاری کی مزاحمت کر رہا تھا۔پھر پولیس نے وین کی تلاشی لے کر اس میں سے ایک بڑا چاقو نکالا۔

برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سونک نے ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک چونکا دینے والا واقعہ قرار دیا ہے۔

نوٹنگھم ساڑھے تین لاکھ آبادی کا شہر ہے جو لندن سے 110 میل شمال میں واقع ہے۔

XS
SM
MD
LG