رسائی کے لنکس

واشنگٹن: بحری مرکز میں فائرنگ کے واقعے کی تردید


فائل
فائل

واشنگٹن پولیس کے حکام نے کہا ہے کہ تلاشی کے عمل کے دوران عمارت سے نہ تو کسی کو گرفتار کیا گیا، نہ کوئی ہتھیار برآمد ہوا اور نہ ہی کوئی زخمی شخص ملا ہے۔

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں پولیس نے شہر میں واقع امریکہ بحریہ کے انتظامی مرکز میں فائرنگ کے کسی واقعے کی تردید کی ہے۔

اس سے قبل ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں آئی تھیں کہ واشنگٹن میں واقع 'نیول یارڈ' کی عمارت میں فائرنگ ہوئی ہے جس کے بعد پولیس اور سکیورٹی اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے مرکز کو بند کردیا تھا۔

بحری مرکز میں دو گھنٹے تک تلاشی کے بعد واشنگٹن پولیس کے حکام نے کہا ہے کہ تلاشی کے عمل کے دوران نہ تو کسی کو گرفتار کیا گیا، نہ کوئی ہتھیار برآمد ہوا اور نہ ہی کوئی زخمی شخص ملا ہے۔

پولیس کو مذکورہ بحری مرکز میں جمعرات کی صبح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے فائرنگ کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد درجنوں گاڑیوں میں سوار سیکڑوں پولیس اہلکار علاقے میں پہنچ گئے تھے۔

'نیول یارڈ' کی یہ عمارت امریکی کانگریس سے چند بلاک کے فاصلے پر واقع ہے اور فائرنگ کی اطلاع کے بعد حکام نے کیپٹل ہل اور وہائٹ ہاؤس کی سکیورٹی سخت کردی تھی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے 'نیوی یارڈ' کی عمارت کے ہر ہر کمرے کی تلاشی لی ہے جس کے بعد عمارت کو 'کلیئر' کردیا گیا ہے۔

امریکی نیوی کی اسی عمارت میں ستمبر 2013ء میں ایک فوجی کانٹریکٹر ایرون ایلکسس نے فائرنگ کرکے 12 سول ملازمین کو ہلاک کردیا تھا۔ بعد ازاں ایلکسس خود بھی پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG