رسائی کے لنکس

'سری لنکا کو فوجی اخراجات گھٹانے کا کہا جا رہا ہے، پاکستان بھی اس جانب بڑھ رہا ہے'


پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اُنہیں راستے سے ہٹانے کی کوشش ہو رہی ہے اور ایک 'پلان سی' بنا ہے جس کے پیچھے آصف زرداری ہیں۔

جمعے کو لاہور میں اپنے ویڈیو خطاب میں سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی دلدل میں پھنس چکا ہے۔ آئی ایم ایف نے سری لنکا اور مصر سے اپنے فوجی اخراجات کم کرنے کا کہا ہے اور پاکستان بھی خدانخواستہ اس جانب بڑھ رہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ معاشی ماہرین اب پاکستان کی خوفناک تصویر کشی کر رہے ہیں۔ دو دن میں پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 33 روپے گر چکا ہے جب کہ اس حکومت کے دور میں 84 روپے گر چکا ہے۔ اس وقت پاکستان میں زرِمبادلہ کے ذخائر 3.6 ارب ڈالرز ہیں جب کہ بھارت میں 600 ارب ڈالرز کے ذخائر ہیں۔

عمران خان بولے کہ غلطی تسلیم کرنے کے بجائے پاکستان کو مزید دلدل میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ طاقت ور لوگ جمہوریت کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ملک کو فاشزم کی طرف دھکیلا جا رہا ہے اور خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جنرل مشرف کے مارشل کے دور میں بھی اس طرح کا خوف نہیں تھا۔ جمہوری طریقے سے سیاسی استحکام لانے کے بجائے ملک کی سب سے بڑی جماعت کو کونے سے لگایا جا رہا ہے۔ اس سے پاکستان مزید دلدل میں پھنسے گا۔

سابق وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ اب قوم کی نظریں عدلیہ کی جانب ہیں کہ وہ ملک کو جمہوریت کی طرف واپس لائے اور 90 روز کے اندر انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔

الیکشن کمیشن کا قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی الیکشن کرانے کا اعلان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 33 حلقوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ ان نشستوں پر 16 مارچ کو الیکشن ہوں گے۔

یہ نشستیں اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف کے استعفے منظور کرنے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔

جمعے کو ای سی پی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوں گے۔ ان نشستوں میں این اے 4 سوات تین، این اے 17 ہری پور ون، این اے 18 صوابی ون، این اے 25 نوشہرہ ون، این اے 26 نوشہرہ ٹو، این اے 32 کوہاٹ، این اے 38 ڈی آئی خان ون، این اے 43 خیبر ون، این اے 52 اسلام آباد ون، این اے 53 اسلام آباد ٹو، این اے 54 اسلام آباد تھری شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان نشستوں پر انتخاب کے لیے امیدوار چھ سے آٹھ فروری تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔

روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری، ڈالر 265 روپے تک جا پہنچا

پاکستان میں دوسرے روز بھی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ دباؤ کا شکار ہے جس کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھی جا رہی ہے۔ تاہم وزیرِ اعظم شہباز شریف پرامید ہیں کہ جلد معیشت مشکل دور سے نکل آئے گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جمعے کو اسلام آباد میں گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ساتھ رواں ماہ معاہدہ ہو جائے گا جس کے بعد مشکلات سے باہر آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک سے درآمد کردہ اشیا میں کسے فوقیت دینا چاہیے، اس سلسلے میں حکومت نے فہرست بنا لی ہے۔

ان کے بقول فارن ایکسچینج ریزرو کو سامنے رکھتے ہوئے امپورٹ کی فوقیت کے لحاظ سے لسٹ تیار کی ہے جس میں کھانے پینے کی اشیا اورادویات سمیت دیگر چیزیں سرِ فہرست ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی مارکیٹ میں ڈالر پر کیپ ہٹانے کے بعد جمعرات کو انٹر بینک میں ڈالر 24 روپے سے زائد مہنگا ہوا تھا۔

اس وقت انٹر بینک میں ڈالر 262 اور اوپن مارکیٹ میں 265 روپے کا ہے۔ اسی طرح انٹر بینک میں سعودی ریال 70 روپے سے زائد جب کہ درہم 71 روپے سے زائد کا ہے۔

پاکستان کی ترقی اللہ کے ذمے ہے: اسحاق ڈار

پاکستان کے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورت حال پانچ برس قبل شروع کیے گئے 'ڈرامے' کی وجہ سے خراب ہوئی، تاہم یہ ملک کلمے کی بنیاد پر قائم ہوا تھا اور اس کی ترقی اور خوشحالی بھی اللہ کے ذمے ہے۔

جمعے کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پانچ برس قبل پاناما کا ڈرامہ شروع کیا گیا اور ایک منتخب وزیرِ اعظم کو گھر بھیج دیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ 2016 میں پاکستان دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن چکا تھا، لیکن اس کے بعد ہونے والے ڈراموں کی وجہ سے ملک پیچھے گیا۔

وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بے پناہ چیلنجز ملے ہیں، لیکن موجودہ حکومت پوری کوشش کررہی ہے کہ ملک کو اس معاشی دلدل سے نکالا جائے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ "پاکستان قائم رہنے کے لیے بنا تھا اور یہ دنیا کا واحد ملک تھا جو کلمے کی بنیاد پر بنا، حتٰی کے سعودی عرب کی بنیاد پر کلمے پر نہیں رکھی گئی تھی۔ لہذٰا میرا پورا یقین ہے کہ پاکستان ترقی کرے گا اور اس بحران سے نکل آئے گا۔"

فواد چوہدری اڈیالہ جیل منتقل

الیکشن کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دینے کے کیس میں گرفتار تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو عدالت نے اڈیالہ جیل بھیج دیا ہے۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کر دی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے مجسٹریٹ وقاص احمد راجا نے پی ٹی آئی رہنما کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔

فواد چوہدری پر الیکشن کمیشن کے ارکان کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔

پی ٹی آئی نے نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی تعیناتی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی

پاکستان تحریکِ انصاف نے محسن نقوی کی بطور نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب تعیناتی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ میں جمعے کو تحریک انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور پارٹی کے مرکزی رہنما اسد عمر نے بطور سیکریٹری درخواست دائر کی۔

اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں محسن نقوی کو بطور نگران وزیرٰ اعلیٰ کام سے روکنے اور ان کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

پی ٹی آئی نے راجہ ریاض کو قائدِ حزبِ اختلاف بنانے کا نوٹی فکیشن بھی چیلنج کیا ہے اور عدالت سے درخواست کی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان بابر حسن بھروانہ اور اکرام اللہ خان کی تعیناتی بھی غیر آئینی قرار دی جائے۔

شیخ رشید نے بھی محسن نقوی کی تعیناتی چیلنج کر دی

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تعیناتی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی ہے۔

شیخ رشید نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو کابینہ تشکیل دینے سمیت تقرریوں اور تبادلوں سے روکا جائے۔

انہوں نے یہ درخواست بھی کی کہ وزیرِ اعلیٰ کو انتخابات سے متعلق امور سرانجام دینے سے روکا جائے اور سپریم کورٹ شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لیے اقدامات کے احکامات جاری کرے۔

الیکشن کمیشن کو مبینہ دھمکیاں: عدالت سے فواد چوہدری کے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا

الیکشن کمیشن کے افسران کو دھمکیاں دینے کے کیس میں گرفتار تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق اسلام آباد پولیس نے جمعے کی صبح عدالتی اوقات شروع ہونے سے پہلے ہی فواد چوہدری کو عدالت پہنچایا۔ جہاں جج کے آنے کے بعد الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

تفتیشی افسر نے عدالت سے فواد چوہدری کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ملزم آئینی ادارے کے خلاف نفرت پھیلا رہا ہے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے اس موقع پر کہا کہ فواد چوہدری سینئر سیاست دان ہیں لیکن قانون سے بڑھ کر کوئی نہیں۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ فواد چوہدری کی موجودگی میں ان کے گھر سے موبائل اور لیپ ٹاپ برآمد کرنا ہے۔

مذکورہ کیس میں فواد چوہدری کی جانب سے بابراعوان مقدمے کی پیروی کر رہے ہیں۔ جمعے کو سماعت کے دوران ایک موقع پر الیکشن کمیشن کے وکیل اور بابر اعوان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

چوہدری پرویز الہیٰ کی فواد چوہدری سے متعلق بیان پر معذرت

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری سے متعلق بیان پر معذرت کر لی ہے۔

پرویز الہیٰ نے جمعرات کی شب ایک ٹوئٹ میں کہا کہ آج تقریر کے دوران فواد چوہدری سے متعلق جو گفتگو ہوئی اس پر معذرت خواہ ہوں۔ فواد کی پوری فیملی سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور میرے بیان سے ان کی فیملی کو دکھ پہنچا ہے جس پر میں ان سے معذرت چاہتا ہوں۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ اب فواد چوہدری پہلے پکڑے جاتے تو پنجاب اسمبلی نہ ٹوٹتی، آج تحریکِ انصاف کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے کہ وہ عمران خان کے قریب چند ان افراد کی وجہ سے ہے جو انہیں مشورے دے رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG