خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے حامی آزاد امیدوار، سندھ میں پیپلز پارٹی کامیاب
انتخابات 2024 کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت رکھنے والے آزاد امیدوار وں کو برتری حاصل ہے جب کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بنانے کے قریب ہے۔
پنجاب میں بھی صورتِ حال واضح نہیں اور اب تک صرف 10 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں۔ بلوچستان میں صرف ایک نشست کا نتیجہ سامنے آیا جس میں جے یو آئی ف نے کامیابی حاصل کی۔
خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹیرینز بنانے والے پرویز خٹک اپنی نشست ہار گئے ہیں جب کہ پنجاب میں سابق وزیرِ اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی اپنے بھتیجے سے ہار چکے ہیں۔
تحریکِ انصاف کے حامی آزاد امیدوار اور مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی کی چار، چار نشستوں پر کامیاب
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 10 نشستوں کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کی چار، تحریکِ انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بھی چار نشستوں پر کامیاب ہو گئے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے دو نشستوں پر کامیاب حاصل کی ہے۔