رسائی کے لنکس

انتخابات کا اعلان ہوتے ہی نواز شریف وطن واپس آجائیں گے: وفاقی وزیرِ داخلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات کا اعلان ہوتے ہی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف وطن واپس آ جائیں گے۔

لاہور میں جمعے کو پریس کانفرنس کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ انتخابات کا اعلان ہوتے ہی وہ وطن واپس آ کر مسلم لیگ (ن)کی قیادت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات آئندہ برس اکتوبر میں ہی ہوں گے، اگر اس سے قبل پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں ٹوٹتی ہیں تو نوے دن میں ضمنی الیکشن ہوں گے۔

انہوں نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں صوبائی اسمبلیاں توڑیں ہم انہیں ضمنی انتخابات میں بھرپور ناکامی سے دو چار کریں گے جس کے بعد اگلے الیکشن کا فیصلہ بھی اسی الیکشن میں ہوجائے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان ملک کو سیاسی عدم استحکام کی طرف لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام انہیں پہنچانے ورنہ وہ ملک کو بڑے حادثے سے دو چار کردیں گے۔ ایسی مثالیں ہیں کہ ایسے لوگوں کی وجہ سے قومیں پیچھے گئی ہیں۔

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف مقدمات ختم کرنے کاحکم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات ختم کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

کوئٹہ سے نامہ نگار مرتضیٰ زہری کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ جج جسٹس ہاشم کاکڑ نے اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات خارج کرنے کی درخواست پر جمعے کو سماعت کی ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اعظم سواتی کے خلاف صوبے کے مختلف تھانوں میں درج پانچ مقدمات خارج کرنے کا حکم دیا اور پولیس کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کو رہا کیا جائے۔

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹوئٹ پر کچلاک، حب، ژوب سمیت پانچ علاقوں میں ایف آئی آر درج کی گئی تھیں جسے جواز بناتے ہوئے بلوچستان پولیس انہیں اسلام آباد سے گرفتار کر کے کوئٹہ لے گئی تھی۔

بلوچستان ہائی کورٹ نے چھ دسمبر کو ہونے والی سماعت کے دوران اعظم سواتی کے خلاف مزید مقدمات درج نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG