رسائی کے لنکس

سیلاب متاثرین کی بحالی؛ اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک کا چھ ارب 20 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان


فاائل فوٹو
فاائل فوٹو

اسلامک ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے چھ ارب 20 کروڑ ڈالرز فراہم کریں گے۔

پیر کو یہ اعلان ایک ایسے موقعے پر سامنے آیا جب جینیوا میں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشترکہ طور پر پاکستان کے ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے کے حوالے بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق پیر کو ہونے والی اس کانفرنس سے خطاب میں اسلامک ڈویلپمنٹ بینک کے صدر محمد الجسیر نے کہا کہ اسلامک ڈویلپمنٹ بینک آئندہ تین برس میں چار ارب 20 کروڑ ڈالرز فراہم کرے گا۔

دوسری جانب ورلڈ بینک نے بھی دو ارب ڈالرز سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

’اے پی پی‘ کے مطابق پاکستان کے دوست ممالک کی جانب سے بھی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے امداد کے اعلان کا بھی امکان ہے۔

پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے بڑے اقدامات کی ضرورت ہے: سربراہ اقوامِ متحدہ

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے تباہ ہونے والے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے بڑے اقدامات کی ضرورت ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے تباہ ہونے والے انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے بڑے اقدامات کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جنیوا میں منعقدہ کانفرنس سے پیر کو خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات ہیں جس کا شکار حال ہی میں پاکستان ہوا ہے جہاں لگ بھگ 80 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی کا خود جا کر مشاہدہ کیا اور متاثرہ علاقوں کے مناظر دیکھ کر دل ٹوٹ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوا ہے لیکن مشکل حالات کے باوجود پاکستانیوں کا جذبہ دیکھ کر بہت حیران ہوا۔

پنجاب اسمبلی: اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس، وفاقی وزرا بھی شریک

پنجاب اسمبلی کی لابی میں ایوان کی حزبِ اختلاف کی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق اس مشترکہ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے تمام ارکانِ اسمبلی شریک ہیں۔

پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی آج کہ کارروائی کی حکمتِ عملی تیار کی جائے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف خصوصی طور پر شریک ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے؛ ایم کیو ایم کا الزام

الیکشن کمیشن کے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق کرانے کے فیصلے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ کمیشن نے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے۔ شفاف اور غیر جانب دارانہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

ایک بیان میں ایم کیو ایم کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمیشن نے سندھ میں نہ صرف اپنی یہ ذمہ داری پوری نہیں کی بلکہ تمام قانونی تقاضوں کو بھی پس پشت ڈال دیا۔

ایم کیو ایم کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ جعلی حلقہ بندیوں کی وجہ سے شہری سندھ کی ایک چوتھائی آبادی حقیقی نمائندگی سے محروم رہ گئی ہے۔

ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ جس الیکشن میں جعلی حلقہ بندیوں اور جعلی ووٹر لسٹ کے ذریعے دھاندلی ہو چکی ہو، اس کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن انتخابات سے قبل دھاندلی نہیں رکوا سکا۔ الیکشن کمیشن کے متعصبانہ فیصلے کے خلاف عدالت سمیت تمام دروازے کھٹکھٹائیں گے۔

کراچی و حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)کی درخواست مسترد جب کہ جماعتِ اسلامی کی درخواست منظور کر لی ہے۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد کے بلدیاتی انتخابات پرانی ووٹر لسٹوں ہی پر ہوں گے۔

ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی تھی کہ بلدیاتی انتخابات نئی ووٹر لسٹوں کے تحت کرائے جائیں جب کہ جماعتِ اسلامی نے اپنی درخواست میں 15 جنوری کو ہی انتخابات کرانے کی استدعا کی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ایم کیو ایم کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر یعنی 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔

کمیشن نے جماعتِ اسلامی کی درخواست منظور کرتے ہّوئے سندھ حکومت کو الیکشن کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

آئندہ اتوار کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو بھی خط ارسال کر دیا ہے۔ اس خط میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کے اہلکار تعینات کیے جائیں۔

جنرل عاصم منیر کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات سرمائی کیمپ میں ہوئی جہاں محمد بن سلمان نے جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا۔

سعودی عرب کی سرکاری اخبار ' ایس پی اے' کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور جنرل عاصم منیر نے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کی ترقی کے مواقعوں پر بات چیت کی۔

اس سے قبل جنرل عاصم منیر نےمکہ مکرمہ میں اپنی فیملی کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کی اور بیت اللہ کے اندر نوافل بھی ادا کیے۔

XS
SM
MD
LG