رسائی کے لنکس

'69 فیصد امریکی اسلحہ رکھنے سے متعلق سخت قوانین کے حامی'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ میں رائے عامہ کے ایک نئے جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 69 فیصد امریکی 'گن کنٹرول' یعنی اسلحہ رکھنے سے متعلق سخت قوانین کے حق میں ہیں۔

گزشتہ ماہ فلوریڈا کے ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 17 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد ایک بار پھر ملک میں گن کنٹرول سے متعلق بحث میں شدت دیکھی گئی تھی۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس 'اے پی' اور "این او آر سی" کے مرکز برائے تحقیق و تعلقات عامہ کی طرف سے منعقد کیے گئے سروے کے بعد کہا گیا کہ اکتوبر 2016ء میں گن کنٹرول کی حمایت کی شرح 61 فیصد جب کہ 2013ء میں اس بابت کروائے گئے پہلے سروے میں یہ شرح 55 فیصد تھی۔

سروے کے مطابق 90 فیصد ڈیموکریٹس اور 50 فیصد ریپبلکنز اب سخت گن کنٹرول کے اقدام کے حامی ہیں جب کہ اسلحہ رکھنے والے 55 فیصد افراد بھی ایسے ہی قوانین کی حمایت کر رہے ہیں۔

سروے میں لوگوں سے گن کنٹرول سے متعلق اقدام کے بارے میں مخصوص سوالات پوچھے گئے تھے اور 10 میں سے آٹھ سے بھی زائد شہریوں نے اس وفاقی قانون کی حمایت کی جو ذہنی مریضوں کو اسلحہ خریدنے سے روکتا ہے۔

یہ افراد اس بات کے حامی تھے کہ عدالتوں کو ایسے افراد جو کہ بے شک کسی جرم میں ملوث نہ بھی رہے ہوں لیکن وہ اپنے اور دوسروں کے لیے خطرہ ہیں تو انھیں اسلحہ رکھنے سے روکنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

سروے میں دس میں سے سات افراد اس بات کے حامی تھے کہ ملک بھر میں 'بمپ اسٹوکس' پر بھی پابندی ہونی چاہیے، یہ نیم خودکار ہتھیار کو خودکار انداز میں استعمال کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

سروے کا اہتمام 14 سے 19 مارچ کے دوران کیا گیا جس میں 1122 افراد سے آن لائن یا فون کے ذریعے ان کی رائے معلوم کی گئی۔

XS
SM
MD
LG