رسائی کے لنکس

ایرانی حکومت کے جرائم پر خاموش نہیں رہیں گے: امریکی وزیرِ خارجہ


امریکی وزیرِ خارجہ نے امریکہ کے تمام اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ ایرانی حکومت پر معاشی دباؤ بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔

امریکہ کے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایران کی حکومت اپنے عوام کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن گئی ہے اور امریکہ ایران کی حکومت کو اعلیٰ ترین سطح پر نشانہ بنانے سے خائف نہیں۔

اتوار کو کیلی فورنیا میں رونالڈ ریگن صدارتی لائبریری میں ایران سے متعلق امریکی پالیسی پر خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے امریکہ کے تمام اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ ایرانی حکومت پر معاشی دباؤ بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔

تقریب میں ایرانی نژادامریکیوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن سے خطاب میں مائیک پومپیو نے کہا کہ ایرانی تارکینِ وطن کو اپنے آبائی ملک میں جاری احتجاجی تحریک کی حمایت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کی حکومت کے "بے تحاشا جرائم اور خلاف ورزیوں" پر خاموش نہیں رہے گی۔

انہوں نے ایرانی حکومت کو "چوروں کی حکومت" قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایران پر برسرِ اقتدار طبقے نے عوام کی دولت کو دہشت گردی اور اپنا انقلاب دوسرے ملکوں کو برآمد کرنے کی خواہش پر خرچ کردیا ہے۔

اپنے خطاب کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ جس وقت ایران میں آزادیٔ اظہارِ رائے کی صورتِ حال پر بات کر رہے تھے تو حاضرین میں موجود ایک شخص نے کھڑے ہو کر شور مچانا شروع کردیا۔

تاہم اس دوران مائیک پومپیو اسٹیج پر مطمئن کھڑے رہے اور بعد ازاں انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایران کے شہریوں کو بھی اظہارِ رائے کی ایسی ہی آزادی حاصل ہو۔

اپنے خطاب میں امریکی وزیرِ خارجہ نے اعلان کیا کہ وائس آف امریکہ کا منتظم ادارہ 'براڈ کاسٹنگ بورڈ آف گورنرز' (بی بی جی) انٹرنیٹ سینسر شپ کے باوجود ایرانی شہریوں تک درست معلومات کی رسائی کے لیے نئے اقدامات کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ 'بی بی جی' جلد ہی فارسی زبان کا ایک نیا چینل شروع کرنے والا ہے جو بیک وقت ٹی وی، ریڈیو، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دن کے 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن نشریات پیش کرے گا۔

اپنے خطاب میں مائیک پومپیو نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کی ان تمام کوششوں کا مقصد یہ ہے کہ ایرانی شہریوں کو اپنے ملک میں بھی ویسے ہی زندگی گزارنے کا موقع ملے جیسی زندگی امریکہ میں مقیم ایرانی گزار رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG