رسائی کے لنکس

پوپ فرانسس کا امریکہ کا دورہ مکمل، روم روانہ


امریکہ کے دورے کے دوران پوپ واشنگٹن، نیویارک اور فلاڈیلفیا گئے جہاں انہوں نے غریبوں سے محبت اور طاقتور طبقات کو ان کی مدد کرنے پر آمادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پوپ فرانسس نے اتوار کی دوپہر فلاڈیلفیا میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں دعائیہ تقریب میں شرکت کر کے امریکہ کے اپنے چھ روزہ دورے کا اختتام کیا۔

سنٹرل فلاڈیلفیا میں بینجمن فرینکلن پارک وے میں دعا کے لیے آنے والوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ لوگوں کا اس مقصد کے لیے جمع ہونا ’’آج کے دور میں ایک قسم کا معجزہ ہے۔‘‘

پوپ فرانسس فلاڈیلفیا میں دنیا بھر سے آئے خاندانوں کے ایک اجتماع میں شرکت کے لیے آئے تھے جو پہلی مرتبہ امریکہ میں منعقد کیا گیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے خاندانی زندگی کی اہمیت پر بات کی اور کہا کہ ایمان کا مظاہرہ زندگی کی معمولی چیزوں میں ہوتا ہے۔

اتوار کی دعا کے بعد پوپ نے امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن اور ان کے اہل خانہ سے بھی نجی ملاقات کی اور پھر روم واپسی کے لیے روانہ ہو گئے۔

امریکہ کے دورے کے دوران پوپ واشنگٹن، نیویارک اور فلاڈیلفیا گئے جہاں انہوں نے غریبوں سے محبت اور طاقتور طبقات کو ان کی مدد کرنے پر آمادہ کرنے کے عزم کا اظہار ہے۔

واشنگٹن میں پوپ نے صدر براک اوباما سے ملاقات کی اور امریکی کانگریس سے خطاب کیا اور بے گھر افراد کی ایک پناہ گاہ کا بھی دورہ کیا۔

نیویارک میں انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عالمی رہنماؤں سے خطاب کیا اور شہر کے علاقے ایسٹ ہارلم میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جن میں کئی تارکین وطن بھی شامل تھے۔

پوپ نے فلاڈیلفیا میں خطاب کے دوران چرچ کی طرف سے جنسی استحصال کا شکار ہونے والوں سے ایک مرتبہ پھر معافی مانگی۔ اس موقع پر انہوں نے بچپن میں پادریوں کے ہاتھوں جنسی استحصال کا شکار ہونے والی تین خواتین اور دو مردوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی کہانی سنی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر نہایت شرمندہ ہیں کہ جن لوگوں کو بچوں کی دیکھ بھال پر مامور کیا گیا تھا انہوں نے ان کو شدید نقصان پہنچایا۔

اتوار کو انہوں نے ایک جیل کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں سے خطاب کیا۔

XS
SM
MD
LG