رسائی کے لنکس

پوپ فرانسس جنرل اسمبلی میں عالمی رہنماؤں سے خطاب کریں گے


نیویارک میں پوپ فرانسس کا قیام مصروفیت سے بھرپور ہے جس کے بعد وہ دو روز کے لیے فلاڈیلفیا روانہ ہو جائیں گے۔

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس امریکہ کے اپنے تاریخی دورے کے چوتھے روز جمعہ کو نیویارک میں ایک مصروف دن گزاریں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عالمی رہنماؤں سے خطاب کے علاوہ وہ 11 ستمبر 2001ء کو دہشت گرد حملوں کا نشانہ بننے والے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے مقام پر ایک خصوصی دعائیہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔

پوپ ہسپانوی اور سیاہ فام شہریوں کی اکثریتی آبادی والے علاقے ایسٹ ہرلم میں ایک کیتھولک ایلیمنٹری اسکول کا دورہ بھی کریں گے۔

بعد ازاں وہ میڈیسن اسکوائر باغ میں ایک مذہبی تقریب میں شرکت کریں گے جہاں متوقع طور پر بیس ہزار سے زائد عقیدت مند جمع ہو رہے ہیں۔

78 سالہ پوپ فرانسس جمعرات کو واشنگٹن سے نیویارک پہنچے تھے جہاں دیر گئے انھوں نے مینہیٹن میں سینٹ پیٹرک کیتھڈرل میں عبادت میں شرکت کی۔

یہاں ان کا استقبال نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو اور میئر بل ڈی بلاسیو نے کیا۔

پوپ ہفتہ کو دو روز کے لیے فلاڈیلفیا روانہ ہو جائیں گے جو کہ ان کے دورہ امریکہ کا آخری پڑاؤ ہوگا۔

اتوار کو وہ عقیدت مندوں کے ایک اجتماع سے خطاب کریں گے جس میں بیس لاکھ لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG