رسائی کے لنکس

پوپ فرینسس کی غربت کے خاتمے اور امن کے لیے اپیل


پوپ فرینسس نے دنیا بھر کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماحولیات کے دفاع کے لیے صرف وعدوں کے بجائے ٹھوس اقدامات کریں۔ پوپ نے کہا کہ ماحولیات کی تباہی انسانیت کی تباہی ہے

پوپ فرینسس پہلی دفعہ امریکہ کے دورے پر آئے ہیں۔ واشنگٹن میں تین مصروف دن گزارنے کے بعد اپنے دورے کے چوتھے دن پوپ نے نیو یارک میں اقوامِ متحدہ میں خطاب کیا۔ پوپ فرینسس اقوامِ متحدہ سے خطاب کرنے والے پانچویں پوپ ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے ماحولیاتی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے لیے رہنماؤں کو مخاطب کیا اور ان سے اپیل کی کہ وہ عوام کی بنیادی ضرورتیں پوری کریں۔

بقول اُن کے، ’ان مردوں اور خواتین کو شدید غربت سے باہر نکلنے میں مدد دینے کے لیے ہمیں ان کا مستقبل ان کے ہاتھ میں دینا ہوگا۔ اس کا مطلب ہے کہ انہیں تعلیم تک رسائی ملے، لڑکیوں کو بھی جنہیں بعض علاقوں میں یہ حق نہیں دیا جاتا۔‘


پوپ فرینسس نے دنیا بھر کے رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماحولیات کے دفاع کے لیے صرف وعدوں کے بجائے ٹھوس اقدامات کریں۔ پوپ نے کہا کہ ماحولیات کی تباہی انسانیت کی تباہی ہے۔


اقوامِ متحدہ کے بعد پوپ گراؤنڈ زیرو پر 11 ستمبر 2001ء کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یادگار پر گئے، جہاں انہوں نے ورلڈ ٹریڈ ٹاورز پر حملوں میں ہلاک ہونے والے ایمرجنسی اہلکاروں کے خاندانوں سے ملاقات کی۔


پوپ نیویارک کے سینٹرل پارک بھی جائیں گے جہاں انہیں ایک نظر دیکھنے کے لیے لاکھوں افراد جمع ہوئے ہیں۔

پوپ کا دورہ میڈیسن سکوائر گارڈن میں ایک دعائیہ تقریب کے ساتھ ختم ہوگا جہاں گلوکار ہیری کانک جونیئر، جینیفر ہڈسن اور گلوریا اسٹیفن اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔


ہفتے کی صبح پوپ فلاڈیلفیا روانہ ہوں گے اور اتوار کو واپس روم کے لیے پرواز کریں گے۔

XS
SM
MD
LG