رسائی کے لنکس

پوپ فرانسس افریقہ میں مسلمانوں کے ایک وفد سے ملیں گے


پیر کو پوپ فرانسس جمہوریہ وسطی افریقہ کے دارالحکومت بنگوئی کی ایک مسجد میں مذہبی شخصیات کے ایک وفد سے ملاقات کریں گے۔

پوپ فرانسس پیر کو جمہوریہ وسطی افریقہ میں مسلمان برادری سے تعلق رکھنے والوں سے ملاقات کریں گے۔ ایک روز قبل انہوں نے ملک میں ایک دوسرے کے خلاف برسرپیکار فریقوں پر زور دیا تھا کہ وہ ہتھیار ڈال کر فرقہ وارانہ تنازع کو ختم کرنے کی کوششوں میں شامل ہوں۔

پیر کو پوپ فرانسس جمہوریہ وسطی افریقہ کے دارالحکومت بنگوئی کی ایک مسجد میں مذہبی رہنماؤں کے ایک وفد سے ملاقات کریں گے جس کے بعد و ہ ملک سے روانہ ہونے سے قبل ایک اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی دعائیہ تقریب میں شرکت کریں گے۔

اتوار کو بنگوئی کے ایک چرچ میں ہونے والی دعائیہ تقریب میں ہتھیار استعمال کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے پوپ نے کہا تھا کہ وہ "موت کے ان آلات کو پھینک دیں۔ اس کی بجائے اپنے آپ کو صداقت، محبت اور رحم دلی سے مسلح کریں جو امن کی مستند ضمانت ہیں۔"

اس سے قبل پوپ نے لوگوں کے متحد ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود کو مذہبی اختلافات کے باعث تقسیم کرنے کی اجازت نا دیں۔ بنگوئی کے صدارتی محل میں بات کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ آئندہ انتخابات سے ملک "سکون کے ساتھ تاریخ کے ایک نئے باب کا آغاز کرے گا۔"

پوپ کی ملک آمد سے پہلے صدر کیتھرین سامبا پانزا نے کہا کہ لوگ پوپ فرانسس کو امن کا پیامبر سمجھتے ہیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ قومی سطح پر وسطی افریقہ کے عوام کی ایک دوسرے کو قبول کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

جمہوریہ وسطی افریقی کو تین سال سے تشدد کا سامنا ہے۔ مارچ 2013 میں مسلم اکثریت پر مشتمل سلیکا باغیوں نے صدر فرانسوا بوزیزے کا تختہ الٹ دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG