رسائی کے لنکس

امریکہ کا سب سے مقبول نام۔۔۔ سمتھ


امریکہ کا سب سے مقبول نام ۔۔ سمتھ،
آپ کو اس نام کے بہت سے کاروباری ادارے بھی مل جائیں گے۔
امریکہ کا سب سے مقبول نام ۔۔ سمتھ، آپ کو اس نام کے بہت سے کاروباری ادارے بھی مل جائیں گے۔

امریکہ کا سب سے مقبول نام سمتھ ہے اور اس کے بعد امریکی اپنے بچوں کے لیے جن ناموں کو ترجیح دیتے ہیں، وہ بالترتیب جانسن، ملر، جونز، ولیمز اور اینڈرسن ہیں۔

حسب نسب کا ریکارڈ رکھنے والی ایک کمپنی انسسٹری ڈاٹ کام کی ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کئی دوسرے خطوں اور علاقوں کی طرح امریکہ میں بھی کچھ نام بہت مقبول ہیں اور آپ کو زیادہ تر انہی ناموں کے لوگ ملیں گے۔

امریکہ میں یہ نام زیادہ تر وہ کمیونیٹز رکھتی ہیں جن کا شجرہ نسب برطانوی، آئرش، یا ویلش نسلوں سے جا ملتا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے آباؤ اجداد امریکہ دریافت ہونے کے بعد شروع دنوں میں یہاں آ کر آباد ہو گئے تھے۔

ناموں کا تاریخی پہلو یہ ہے کہ برطانیہ میں سن 1066 تک نام کے ساتھ خاندانی نام نہیں لگایا جاتا تھا، جیسا کہ اب دنیا کے اکثر خطوں میں ہوتا ہے کہ عموماً ہر شخص کے نام کے آخر میں اس کے والد یا قبیلے کا نام لگا ہوا ہوتا ہے۔

تقریباً آٹھ نو سو سال پہلے تک آبادی بہت کم تھی۔ لوگ چھوٹی چھوٹی بستیوں میں رہتے تھے اور عموماً ایک دوسرے کو جانتے تھے اس لیے صرف ایک ہی نام سے کام چل جاتا تھا۔ لیکن جب آبادیاں پھیلنی شروع ہوئیں اور ایک نام کے کئی لوگ ہو گئے تو پہچان کے لیے نام کے آخر میں اس کا پیشہ لگانے کاسلسلہ شروع ہوا۔ مثال کے طور پر ’اینڈرسن گولڈ سمتھ‘، یعنی وہ اینڈرسن جو سنار ہے۔

اسی طرح کچھ افراد معاشرے میں اپنے منصب اور مقام کی وجہ سے ممتاز حیثیت رکھتے تھے۔ ان کے بچوں کی پہچان کے لیے نام کے آخر میں والد کا نام لگایا جانے لگا۔

امریکہ میں سمتھ سب سے زیادہ استعمال ہونے والا نام ہے۔ ویب سائٹ انسسٹری ڈاٹ کام کے مطابق یہ لفظ اصل میں ’بلیک سمتھ‘ ہے، یعنی لوہار۔ اس کی مثال یوں دی جا سکتی ہے کہ اگر کسی لوہار کا نام رچرڈ ہو تو لوگ اسے رچرڈ دی سمتھ کہتے ہوں گے، یعنی وہ رچرڈ جو لوہار کا کام کرتا ہے۔ پھر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں نے آسانی کے لیے اسے رچرڈ سمتھ بنا دیا۔

آپ کو امریکہ میں ہزاروں بلکہ لاکھوں ایسے افراد مل جائیں گے جن کے نام کے آخر میں سمتھ لگا ہوا ہے۔ اسی طرح امریکہ کا ایک اور مقبول نام رابرٹسن ہے۔ یہ لفظ اصل میں ’رابرٹس سن‘ ہے، یعنی ’رابرٹ کا بیٹا‘۔ لگتا ہے کہ ماضی کے معاشرے میں رابرٹ نام کی کوئی مشہور شخصیت اپنا وجود رکھتی تھی۔

ماضی کی معاشرت کے پیشے آج اکثر امریکیوں کے ناموں کا حصہ ہیں۔ مثال کے طور کارپینٹر، آرچر، بیکر، بوچر، کک، ڈائر، فارمر، جج، میسن، پیج، پوٹر، ٹیلر اور ویور وغیرہ۔

امریکہ پچاس ریاستوں پر مشتمل ایک بڑا ملک ہے۔ یہاں مختلف ریاستوں کے مقبول نام بھی مختلف ہیں۔ انہی مقبول ناموں سے پتا چلتا ہے کہ اس ریاست میں کس نسل اور حسب نسب کے لوگوں کی اکثریت ہے۔ مثلاً شمال مغربی ریاستوں میں اینڈرسن نام کے لوگ کثرت سے مل جاتے ہیں جب کہ مشرقی ساحلی ریاستوں میں آپ جن لوگوں سے ملیں گے ان میں زیادہ کا نام براؤن ہو گا۔

جنوب مغربی امریکہ میں، جن میں ٹیکساس، کیلی فورنیا، نیو میکسیکو، اور ایری زونا شامل ہیں، وہاں کی زیادہ تر آبادی لاطینی نسل سے تعلق رکھتی ہے۔ اس لیے وہاں گارسیا، ہرننڈز، مارٹیز اور شیوز مقبول نام شمار ہوتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG