رسائی کے لنکس

شدید سمندری طوفان فیجی کے ساحل سے ٹکرا گیا


سمندری طوفان کے انتباہ کے مشترکہ امریکی مرکز کے مطابق، ’ونسٹن‘ پانچ درجے کا طوفان تھا جو ملک کے شمالی ساحل، وِٹی لیوو سے ٹکرایا، جو ملک کا سب سے بڑا جزیرا ہے، جب کہ فیجی مجموعی طور پر 330 چھوٹے بڑے جزائر کا آبی خطہ ہے

جنوبی بحرالکاہل کے ساحل پر واقع جزیرہٴ فیجی ہفتے کے روز تیز سمندری طوفان کی زد میں رہا۔ نو لاکھ آبادی والے اس ملک کے ساحل پر اونچی سمندری لہریں اٹھیں، جب کہ 300 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے تیز ہوائیں ساحل سے ٹکرائیں۔

حکومت نے ملک بھر میں ہنگامی صورت حال نافذ کردی تھی، اور خبردار کیا تھا کہ یہ قدرتی آفت ایک ماہ تک جاری رہ سکتی ہے۔

سمندری طوفان کے انتباہ کے مشترکہ امریکی مرکز کے مطابق، ’ونسٹن‘ پانچ درجے کا طوفان تھا جو ملک کے شمالی ساحل، وِٹی لیوو سے ٹکرایا، جو ملک کا سب سے بڑا جزیرا ہے، جب کہ فیجی مجموعی طور پر 330چھوٹے بڑے جزائر کا آبی خطہ ہے۔

اس سمندری طوفان کے نتیجے میں وِٹی لیوو کے مغربی ساحل پر واقع پُرفضا سیاحتی مقام متاثر ہوا، جو سمندری طوفان کے محور کے قریب تھا۔
فیجی کا دارالحکومت، سووا، جزیرے کے جنوبی حصے میں واقع ہے، جسے ہوا کے تیز جھکڑ سے سابقہ پڑا۔ تاہم، یہ براہِ راست سمندری طوفان کے راستے سے دور تھا۔

ابلاغ کے مقامی ذرائع نے خبر دی ہے کہ ساحل سے تیز طوفان کے ٹکرانے کے نتیجے میں بجلی کی ترسیل رُک گئی۔ املاک کو نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

اندرون اور بیرون ملک متعدد پروازیں منسوخ ہوئیں جب کہ ناگہانی صورتِ حال سے نبرد آزما ہونے کے لیے، سینکڑوں متبادل پناہ گاہیں تعمیر کی گئی تھیں۔

فیجی کے وزیر اعظم، ورجی بینیمارما نے فیجی کے عوام کو بتایا کہ بطور ایک ملک، ہم مل کر اس خطرناک قدرتی آفت سے نمٹیں گے۔ شہری کے طور پر ہمیں مل کر رہنا ہوگا۔ ساتھ ہی، ہمیں ہمہ وقت چوکنہ اور تیار رہنا ہوگا‘‘۔

XS
SM
MD
LG