رسائی کے لنکس

طاقت ور سمندری طوفان کا رخ فلپائن کی جانب


امکان ہے کہ جس وقت 'ہیان' فلپائن کے ساحلوں سے ٹکرائے گا اس وقت اس کے زیرِ اثر چلنے والی ہواؤں کی رفتار 260 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی جو انتہائی درجے کے طوفان سے بھی زیادہ رفتار ہے۔

فلپائن میں حکام ایک طاقت ور سمندری طوفان کی آمد کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں جو امکان ہے کہ رواں ہفتے ملک کے وسطی ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔

'ہیان' نامی اس طوفان کو حکام انتہائی کیٹگری کا قرار دے چکے ہیں جس کے باعث چلنے والے ہواؤں کی رفتار 185 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جاپہنچی ہے۔

امکان ہے کہ طوفان فلپائن کے وسطی صوبے لیٹے کو جمعے کو علی الصباح نشانہ بنائے گا جس سے قبل اس کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

طوفان سے بوہول کا صوبہ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جہاں کے حکام تاحال گزشتہ ماہ آنے والے 2ء7 شدت کے زلزلے کے بعد تعمیرِ نو اور متاثرین کی بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ وہ طوفان کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے اس کے راستے میں پڑنے والے علاقوں سے آبادی کے انخلا پر غور کر رہے ہیں جب کہ مچھیروں کو بھی گہرے پانیوں کا رخ کرنے سے منع کردیا گیا ہے۔

فلپائن کے محکمہ موسمیات کے مطابق امکان ہے کہ جس وقت 'ہیان' فلپائن کے ساحلوں سے ٹکرائے گا اس وقت اس کے زیرِ اثر چلنے والی ہواؤں کی رفتار 260 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی جو 'جوائنٹ ٹائیفون وارننگ سینٹر' کے قواعد کے مطابق انتہائی درجے کے طوفان سے بھی زیادہ رفتار ہے۔

مقامی ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ 'ہیان' گزشتہ سال آنے والے سمندری طوفان 'بوفا' سے کہیں زیادہ تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے جس کے باعث فلپائن کے وسطی علاقوں میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

امکان ہے کہ فلپائن کو نشانہ بنانے کے بعد اگر 'ہیان' کی شدت میں کمی واقع نہ ہوئی تو یہ ویتنام کو بھی متاثر کرے گا۔

اپنے جغرافیائی محل و وقوع کے باعث فلپائن کو اکثر شدید بارشوں اور سونامیوں کے سبب سیلابی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق فلپائن ہر سال 20 کے لگ بھگ بڑے طوفانوں کا نشانہ بنتا ہے۔
XS
SM
MD
LG