رسائی کے لنکس

کراچی: پیپلر پارٹی 16 اکتوبر کو کارساز تک ریلی نکالے گی


ریلی بلاول ہاؤس سے شروع ہو کر 22 کلومیٹر کا سفر طے کرکے شاہراہ فیصل پر واقع کارساز تک جائے گی، جس سے بلاول خطاب کریں گے

پاکستان پیپلز پارٹی نے سنہ 2007 میں ہونے والے سانحہ کارساز کی یاد میں اتوار 16 اکتوبر کو کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

ریلی بلاول ہاؤس سے شروع ہو کر شاہراہ فیصل پر کارساز تک جائے گی جس سے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

کمشنر کراچی نے اجازت نامے میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 16 اکتوبر کو صبح دس بجے بلاول ہائوس چورنگی کلفٹن سے ریلی نکالے گی جو بوٹ بیسن، مولوی تمیز الدین خان روڈ، جناح بری ککڑی گراؤنڈ لی مارکیٹ، رنچھوڑ لائن، ایم اے جناح روڈ، مزار قائد، شاہراہ قائدین سے ہوتی ہوئی کارساز یعنی شاہراہ فیصل پر ختم ہوگی، جہاں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ریلی سے خطاب کریں گے۔

ریلی کے حوالے سے جمعہ کو پی پی پی کے مرکزی رہنما اور صوبائی مشیر محنت سینیٹر سعید غنی کی صدارت میں ایک اجلاس بھی ہوا۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ''ریلی کا نام ’سلام شہدا‘ رکھا گیا ہے، کیوں کہ سانحہ کارساز میں ہمارے 160 سے زائد کارکن شہید ہوئے تھے، ریلی انہی کو یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد کی جا رہی ہے''۔

دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی کے شعبہ اطلاعات کے عہدیداروں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ریلی سے متعلق تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

اس سے قبل، ستمبر میں عمران خان نے شہر میں ریلی نکالی تھی۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ چونکہ صوبے میں حکومت بھی پی پی کی ہے، لہذا اسے سیاسی طور پر اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG