رسائی کے لنکس

بالی وڈ اداکارہ پریتی زینٹا کو UNAIDS نے اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے


پریتی زینٹا
پریتی زینٹا

پریتی زینٹا فلموں سے ہٹ کر اصل زندگی میں بھی سماج کے پسماندہ طبقے کی مدد اور ترقی کی خواہش مند ہیں

بالی وڈ اداکارہ پریتی زینٹا کو UNAIDS نے اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے۔ فلموں میں کام کرنے کے علاوہ پریتی کے پاس آئ پی ایل کرکٹ ٹیم پنجاب ایلیون کے مالکانا حقوق بھی ہیں۔ ہر سال کی طرح اِس بار بھی آئی پی ایل کے میچوں کےدوران پریتی پورے جوش وخروش کے ساتھ اپنی ٹیم کی حمایت میں نعرے لگاتی تو نظر آئیں گی ہی لیکن اِس بار بطور خیر سگالی سفیر پریتی کرکٹ اور بالی وڈ کی مدد سے جان لیوا بیماری ایڈز کے تعلق سے عوام میں بیداری لانے کی بھی کوشش کریں گی۔

بالی وڈ میں بےباک ہیروئین کی امیج رکھنے والی پریتی کے مطابق اُن کی کرکٹ ٹیم کے منافع کا 25 فی صد حصہ اقوام متحدہ کی جانب سے منتخب کیے گئے امدادی اداروں کو بطور عطیہ دیا جائے گا۔

پریتی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی ٹیم کے تمام کھلاڑی میچ کے دوران ایچ آئی وی ایڈز کے خلاف مہم کے لیے علامتی طور پر رِبن لگائے گے۔ اس کے علاوہ میچ کے ٹاس کے لیے کرکٹ میدان میں ایڈز جیسی مہلک بیماری کے شکار مریض کو مدعو کیا جائے گا۔ یہی نہیں پریتی UNAIDS کے لیے ایڈز کے خلاف عوامی بیداری کے لیے بنائی جانے والی تشہیری فلموں میں بھی کام کریں گی۔ اِن فلموں کو ہندی، انگریزی اور پنجابی زبان میں بنایا جائے گا۔

فلم نقاد اور فلم صحافی فہیم روحانی سے جب وی او اے اردو ویب نے پوچھا کہ پریتی بہتر اداکارہ ہیں یا سماجی خدمت گار؟ تو فہیم نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے پریتی کی کوئی بھی نئی فلم ریلیز نہیں ہوئی ہے۔ اِس میں کوئی شک نہیں کہ ماضی میں ویر زارا، کل ہو نہ ہو اور لکشیا جیسی ہٹ فلمیں دینے والی پریتی بالی وڈ کی ایک بہترین اداکارہ ہیں۔

خیال رہے کہ پریتی ہندی فلمی صنعت کی اُن چنندہ ہیروئینوں میں سے ہیں جو فلموں سے ہٹ کر اصل زندگی میں بھی سماج کے پسماندہ طبقے کی مدد اور ترقی کے لیے بہت کچھ کرنے کی چاہت رکھتی ہیں۔ افسوس ناک طور پر پریتی کچھ ماہ سے آئی پی ایل کے کاروبار اور نیس واڈیا کے ساتھ اپنے ناکام معاشقے کی بدولت خبروں میں رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG