رسائی کے لنکس

صدر ٹرمپ کی جانب سے رمضان کی مبارک باد


صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے آغاز پر ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق، صدر ٹرمپ نے کہا کہ ''دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کے لیے یہ ماہ مقدس ایک موقع ہے کہ وہ روزے رکھیں، عبادات کریں، قرآن پڑھیں، دوسروں کی مدد کریں اور اس طرح اپنا ایمان تازہ کریں''۔

انھوں نے کہا کہ یہ تمام کام امن، ہمدردی، محبت اور دوسروں کے احترام جیسے آفاقی اقدار سے ہم آہنگ ہیں، جن کی اسلام تبلیغ کرتا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ''گزشتہ چند ماہ کے دوران ہم نے دیکھا ہے کہ مشکل وقت میں دعا کی طاقت کس قدر اہمیت رکھتی ہے۔ آج رمضان کے مقدس ماہ کے آغاز پر میں دعا کرتا ہوں کہ جو لوگ ان مقدس لمحات میں عبادت کریں، ان کی زندگی میں سکون آئے اور مذہب سے ان کا رشتہ مزید مضبوط ہو''۔

امریکہ کے مسلمان جمعے کو پہلا روزہ رکھیں گے۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مشرق وسطیٰ کے کئی ملکوں میں جمعرات کو رمضان کا چاند نظر آگیا جس کے بعد جمعہ کو پہلے روزے کا اعلان کر دیا گیا۔

ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں مسلمان رمضان میں عبادت کے لیے سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں۔ لیکن، اس بار کرونا وائرس کی وجہ سے اجتماعی عبادات سے منع کیا گیا ہے اور خانہ کعبہ اور مسجد نبوی میں بھی اجتماعات پر پابندی ہے۔

پاکستان میں جمعرات کو سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ لیکن اس کے سربراہ مفتی منیب الرحمان کے اعلان کے مطابق، ملک بھر میں کہیں چاند نظر نہیں آیا اور ہفتے کو پہلا روزہ ہوگا۔

لیکن، پشاور کی مسجد قاسم خان کے مفتی پوپلزئی نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں چاند نظر آںے کی متعدد شہادتیں ملی ہیں، اس لیے جمعے کو روزہ رکھا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG