رسائی کے لنکس

پرنس ہیری کی نئی ذمہ داری


برطانیہ کے شہزادہ ہیری اپنی ہونے والی بیگم میگھن مارکل کے ساتھ۔ فائل فوٹو
برطانیہ کے شہزادہ ہیری اپنی ہونے والی بیگم میگھن مارکل کے ساتھ۔ فائل فوٹو

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ نے اپنے 33 سالہ بیتے پرنس ہیری کو دولت مشترکہ کیلئے یوتھ ایمبسڈر مقرر کر دیا ہے۔ یہ پرنس ہیری کا پہلا اعلیٰ درجے کا عوامی کردار ہو گا جس میں وہ اپنی ہونے والی بیگم کے ہمراہ نوجوانوں کو برطانوی دولت مشترکہ کے ساتھ رابطے بڑھانے کی ترغیب دیں گے۔

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دولت مشترکہ کی سربراہ ہیں اور اُنہوں نے یوتھ ایمبسڈر کی ذمہ داری پرنس ہیری کو سونپی ہے۔ پرنس ہیری کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اُنہوں نے برطانیہ کے شاہی خاندان کو جدید رجحانات کے مطابق زیادہ فعال بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اُنہوں نے کامن ویلتھ کے افتتاحی فورم سے خطاب کرتے ہوئے اپنی نئی ذمہ داری کے حوالے سے کہا ، ’’میں جانتا ہوں کہ نوجوان لوگوں کیلئےدولت مشترکہ کے سفیر کے طور پر میرا یہ کام اس بات کو یقینی بنانا ہو گا کہ آپ کے خیالات، مسائل اور اُمیدوں کو سنا جائے۔‘‘

اُنہوں نے مزید کہا، ’’میں اس بات پر بہت مشکور ہوں کہ جس خاتون سے میں شادی کرنے والا ہوں، وہ بھی اس کام میں میرے ساتھ شریک ہوں گی اور وہ اس بات پر بے حد خوش ہیں۔‘‘

ہیری امریکی اداکارہ میگھن مارکل سے 19 اپریل کو شادی کر رہے ہیں۔

بکنگھم پیلس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دولت مشترکہ کے ملکوں کے 60 فیصد سے زائد یعنی 2.4 ارب لوگ 30 سال سے کم عمر کے ہیں۔

دولت مشترکہ کی تشکیل بیسویں صدی کے وسط میں کی گئی اور ملکہ الزبتھ 1952 میں ملکہ بننے کے بعد سے اس کی سربراہ چلی آ رہی ہیں۔ تاہم اب اس بارے میں سوال اُٹھنے لگے ہیں کہ آیا اُن کے صاحبزادے اور ولی عہد شہزادہ چارلس کو اُن کے بعد دولت مشترکہ کی سربراہی کرنی چاہئیے جس میں اب 53 خود مختار ملک شامل ہیں۔ ان میں 16 ملک ایسے جن میں اب بھی برطانوی ملکہ کو ہی سربراہ مملکت تصور کیا جاتا ہے۔ برطانیہ میں لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائد حزب اختلاف جیریمی کوربن کا کہنا ہے کہ ملکہ الزبتھ ذاتی طور پر دولت مشترکہ کے حوالے سے بہت پر عظم ہیں ۔ لیکن شاید اب وقت آ گیا ہے کہ دولت مشترکہ کے سربراہ کا انتخاب تمام دولت مشترکہ کے ممالک سے باری باری کیا جانا چاہئیے۔

جمعہ کے روز لندن میں دولت مشترکہ کا سربراہ اجلاس منعقد ہو رہا ہے اور برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ کیا ملکہ الزبتھ کے بعد شہزادہ چارلس کو دولت مشترکہ کا سربراہ بنایا جانا چاہئیے یا نہیں۔

دولت مشترکہ کے افتتاحی اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران شہزادہ ہیری نے دولت مشترکہ کی ترویج میں ملکہ الزبتھ کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

XS
SM
MD
LG