رسائی کے لنکس

پرنس فلپ کے خلاف کار حادثے کا مقدمہ نہیں چلے گا


برطانیہ کے پرنس فلپ کی کار کی ٹکر سے دوسری گاڑی کو نقصان پہنچا، جس کا ملبہ سٹرک پر بکھرا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ حادثہ گزشتہ ماہ پیش آیا تھا۔
برطانیہ کے پرنس فلپ کی کار کی ٹکر سے دوسری گاڑی کو نقصان پہنچا، جس کا ملبہ سٹرک پر بکھرا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ حادثہ گزشتہ ماہ پیش آیا تھا۔

برطانیہ کے 97 سالہ پرنس فلپ کے خلاف ٹریفک حادثے کا مقدمہ نہیں چلایا جائے گا جس میں ان کی گاڑی کی ٹکر سے ایک خاتون کی کلائی کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔

مقدمہ نہ چلانے کا اعلان پراسیکیوٹرز نے جمعرات کے روز کیا۔

ملکہ الزبتھ دوم کے شوہر پرنس فلپ کو ٹریفک کا حادثہ اس وقت پیش آیا تھا جب پچھلے مہینے ان کی گاڑی پھسل کر ایک کار سے ٹکرا گئی تھی۔

یہ حادثہ مشرقی انگلینڈ کی ایک شاہی پرائیویٹ جاگیر سینڈرنگھم میں پیش آیا جہاں شاہی جوڑا روایتی طور پر سردیوں کے مہینے گزارتا ہے۔

اس حادثے میں دوسری کار میں سوار ایک خاتون کی کلائی کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی اور دوسری کے گھٹنے پر چوٹ لگی تھی جب کہ پچھلی سیٹ پر نو ماہ کا بچہ محفوظ رہا تھا۔

پرنس فلپ نے گزشتہ جمعرات کو اپنا ڈرائیونگ لائسنس واپس کر دیا تھا۔

کراؤن پراسیکیوشن سروس کا کہنا ہے کہ پرنس کے خلاف کوئی مزید کارروائی نہیں کی جائے گی، جس کا ایک سبب ان کی جانب سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس واپس کرنے کا فیصلہ بھی ہے۔

پرنس فلپ نے اپنے ایک خط میں حادثے میں زخمی ہونے والی 46 سالہ خاتون ایما فیئر ویدر سے ان کی کلائی کی ہڈی ٹوٹنے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG