رسائی کے لنکس

'میرا دل ٹوٹ چکا ہے' فلم شوٹنگ کے دوران گولی سے ہلاکت کے معاملے پر امریکی اداکار ایلک بالڈون کا ٹویٹ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

مشہور امریکی اداکار ایلک بالڈون نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کے پاس وہ الفاظ نہیں ہیں، جن سے وہ اپنی فلم کی ڈائریکٹر آف سینما ٹوگرافی ہلئینا ہچنز کی افسوسناک موت پر اپنے صدمے اور غم کا اظہار کر سکیں۔

امریکہ کی ریاست نیو میکسیکو میں جمعرات کو فلم کی شوٹنگ کے دوران اداکار ایلک بالڈون کی گولی سے سنیماٹوگرافر ہلاک ہو گئیں، جب کہ حادثے میں ہدایت کار بھی زخمی ہوئے۔یہ حادثہ فلم 'رسٹ' کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا جس میں امریکی اداکار ایلک بالڈون مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

بالڈون نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے کہ 'ہلینا ایک بیوی، ماں اور اپنے ساتھیوں میں انتہائی مقبول تھیں، میں پولیس تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہا ہوں۔ میرا دل ہلیئنا کے شوہر، بیٹے، تمام دوستوں اور چاہنے والوں کے لئے بہت تکلیف میں ہے'.

سانٹا فے کاونٹی کے پولیس ترجمان کے مطابق تحقیقات کے لئے شواہد اکٹھے کئے جا چکے ہیں لیکن بالڈون کو سفر کرنے کی اجازت ہےاور وہ جہاں چاہیں جا سکتے ہیں۔

وائس آف امریکہ کی رپورٹ کے مطابق ریاست نیو میکسیکو کی کاؤنٹی سینٹا فے کے شیرف کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ اداکار ایلک بالڈون سے پروپ گن سے گولی چلی جس کے نتیجے میں فلم کی سنیماٹو گرافر ہلینا ہچنز ہلاک اور ہدایت کار جول سوزا زخمی ہو گئے۔

حادثے کے فوراً بعد 42 سالہ سنیماٹو گرافر کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ ہلاک ہو گئیں جب کہ زخمی ہونے والے ہدایت کار جول سوزا اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

شیرف کے ترجمان کے مطابق ہدایت کار کی حالت تشویش ناک ہے۔

تاہم اس حادثے کا ذمہ دار کسی کو نہیں ٹھہرایا گیا ہے جب کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔

فلم کی پروڈکشن کے ترجمان نے امریکی ڈیجیٹل اور پرنٹ میگزین 'دی ہالی رپورٹر' کو بتایا کہ حادثے میں پروپ گن کا غلط استعمال شامل ہے۔

یاد رہے کہ پروپ گن کا استعمال فلموں کی شوٹنگ کے دوران کیا جاتا ہے۔ عام طور پر اصلی بندوق میں گولیوں کا استعمال کیا جاتا ہے جس کا خول دھات اور دیگر آتش گیر مواد سے تیار ہوتا ہے۔

اس کے برعکس پروپ گن میں استعمال ہونے والے 'بلینک' کا خول روئی یا کاغذ سے تیار کیے جاتا ہے جب کہ اس میں بھی آتش گیر مواد کا استعمال کیا جاتا ہے۔ جب اسے فلموں کی شوٹنگ کے دوران استعمال کیا جاتا ہے تو اس میں خارج ہونے والی گولی بلکل اصلی گولی کی طرح دکھائی دیتی ہے۔

عام طور پر فلموں کے سیٹ پر پروپ ہتھیار استعمال کرنے سے متعلق سخت قوانین ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اس طرح کے حادثات دیکھنے میں آتے ہیں۔

اس سے قبل معروف امریکی اداکار برینڈن لی فلم 'دی کرو' کی شوٹنگ کے دوران بندوق سے بلینک خارج ہونے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ امریکی اداکار ایلک بالڈون 1980 سے فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

اداکار فلم 'دی ہنٹ فار ریڈ اکتوبر'، 'مشن امپاسیبل' کی فرنچائز میں اداکاری کے علاوہ اینی میٹڈ فلم 'دی بوس بے بی' میں صداکاری کر چکے ہیں۔

(اس رپورٹ کے لئے بیشتر مواد ایسوسی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG