رسائی کے لنکس

ٹی وی پروگرام میں پختونوں کی مبینہ تضحیک پر احتجاج


طارق افغان نے الزام عائد کیا کہ سرکاری ٹیلی ویژن پر ڈراموں اور دیگر پروگراموں میں عرصہ دراز سے پختونوں کو تضحیک کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

عیدکے موقع پر پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن 'پی ٹی وی' پر نشر ہونے والے ایک مشاعرے میں مبینہ طور پر پختونوں کی تضحیک کے خلاف پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں احتجاج ہوا ہے۔

احتجاج کی کال دینے والے پشاور ہائی کورٹ کے ایک نوجوان وکیل طارق افغان نے حکومت سے متعلقہ افراد کے خلاف احتجاج کرنے اور پختون قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پیر کو مظاہرے کے بعد وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے طارق افغان نے بتایا کہ عید الفطرکے موقع پر سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے مشاعرے میں شامل ایک شاعر نے ایسے اشعار پڑھے تھے جن میں ان کے بقول پختونوں کی تضحیک کی گئی تھی۔

وائس آف امریکہ سے بات چیت میں طارق افغان نے الزام عائد کیا کہ سرکاری ٹیلی ویژن پر ڈراموں اور دیگر پروگراموں میں عرصہ دراز سے پختونوں کو تضحیک کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی اس پالیسی کے خلاف انہوں نے پیر کو احتجاج کی کال دی تھی جس کے تحت پشاور سمیت دیگر شہروں میں احتجاج ہوا ہے۔

پشاور میں ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے طارق افغان نے مطالبہ کیا کہ پی ٹی وی انتظامیہ اور حکومت اس حرکت پر نہ صرف ٹیلی ویژن بلکہ اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے معافی مانگے اور متعلقہ افرادکے خلاف کاروائی کرے۔

طارق افغان نے بتایا کہ مظاہرے کے بعد پاکستان ٹیلی ویژن پشاور کے جنرل منیجر اور دیگر اعلیٰ افسران پشاور پریس کلب آئے تھے جہاں احتجاج کے منتظمین نے انہیں اپنے تحفظات اور مطالبات سے آگاہ کیا۔

پی ٹی وی پشاور کے جنرل منیجر نے بتایا ہے کہ پروگرام کے پروڈیوسر کو 30 جون کو ہی اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا تھا اور انتظامیہ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG