رسائی کے لنکس

پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 وکٹ سے ہرا دیا


امام الحق کے52، ملان کے 38 رنز اور پولاڈ کے لگاتار چار چھکوں کی بدولت پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو پانچ وکٹ سے ہرا دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے تحت ایونٹ کے 14 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کی جانب سے ملنے والا 146 رنز کا ہدف مقررہ 20 سے دو بالز پہلے ہی حاصل کرلیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے اس میچ میں ٹاس پشاور زلمی نے جیتا تھا اور ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا تھا۔

پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا تاہم کامران اکمل پہلے ہی اوور کی پانچویں بالز پر چار رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ان کا کیچ محمد الیاس نے لیا جبکہ بالر محمد عرفان تھے۔

تیسرے اوور کے اختتام پر پشاور زلمی کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 17 رنز تھا۔ امام الحق 7 اور ملان 5 رنز پر کھیل رہے تھے۔

چوتھے اوور کے اختتام پر اسکور 30 رنز تھا جبکہ امام الحق 12 اور ملان 13رنز پر کھیل رہے تھے۔

پانچ اوورز تک پشاور نے ایک وکٹ کے نقصان پر 38 رنز بنالئے تھے جن میں امام الحق کے 19 اور ملان کے 14 رنز شامل تھے۔

پشاور کا اسکور 74 رنز پر پہنچا تو ملان ، کرسچین کی بال پر عمر صدیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے تیز رفتاری سے رنز بناتے ہوئے 35 بالوں پر 38 رنز اسکور کئے۔

ادھر امام الحق نے 36 بالوں پر 44 رنز بنالئے تھے جبکہ ڈاؤسن چودہ رنز پر کھیل رہے تھے۔ مجموعی اسکور 14 اوورز میں 102 رنز تھا۔

پندرہ اوورز کا کھیل ختم ہوا تو پشاور کا اسکور دو وکٹس کے نقصان پر 106 رنز تھا۔ امام الحق 46 اور ڈاؤسن 15 رنز پر کھیل رہے تھے۔

اگلے ہی اوور میں جبکہ ڈاؤسن کا اسکور 18 رنز تھا انہیں کرسچین کی بال پر محمد الیاس نے کیچ کرلیا۔ یوں 114 رنز پر پشاور کی تیسری وکٹ گری۔

چوتھی وکٹ کے لئے پولاڈ کریز پر آئے جنہوں نے امام الحق کا ساتھ دینا تھا جو 52 رنز پر کھیل رہے تھے۔ پشاور کو جیتنے کے لئے اب بھی 24بالوں پر 32 رنز درکار تھے۔

اگلے اوور میں جنید خان کی بالر پر چوتھی وکٹ امام الحق کی گری جنہوں نے 52رنز بنائے تھے جبکہ پولاڈ اب تک ایک ہی رن بنا پائے تھے۔ مجموعی اسکور 115 رنز تھا۔

ان کی جگہ ڈیرن سیمی آئے تاہم اسی دوران پولاڈ کے لگاتار چار چھکوں سے رنز بنانے کی رفتار میں تیزی آگئی۔ محمد عرفان کا یہ اوور سب سے مہنگا ثابت ہوا۔

19 ویں اوور تک پشاور کا اسکور 140 رنز ہوگیا لیکن اس دوران پولاڈ ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں 10 بالوں پر 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ان کی جگہ ریاض وہاب آئے۔ اس دوران آخری اوور شروع ہوا تو پشاور کو جیتنے کے لئے صرف تین رنز درکار تھے۔

میچ کی دو بالز باقی تھیں کہ پشاور ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا اور یوں پانچ وکٹوں سے اسے فتح نصیب ہوئی۔

ملتان سلطان 145 رنز پر آؤٹ
ملتان کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 145 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح پشاور زلمی کو یہ میچ جیتنے کے لئے 146 رنز کا ہدف ملا ہے۔

ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز عمر صدیق اور ونسے نے کیا ۔ پہلا ہی اوور جاری تھا کہ ایک رنز پرہی ونسے آؤٹ ہوگئے۔ انہیں حسن علی نے بولڈکیا۔

ٹیم کا مجموعی اسکور 81 ہوا تو عمر صدیق 20رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ عمر صدیق کی جگہ لینے والے بیٹسمین چارلس نے کریز پر پہنچتے ہی دھواں دار شارٹس کھیلنا شروع کردیئے۔

انہوں نے کھل کر کھیلا اورچھکے چوکے لگاتے ہوئے53رنز بنائےلیکن اگلا رن بنانے سے پہلے ہی انہیں عمید آصف نے امام الحق کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

15 اوورز کے اختتام پر ملتان سطالن کا اسکور تین وکٹ کے نقصان پر 117رنز تھا ۔ شعیب ملک 15 اور کرسچین 17رنز پر کھیل رہے تھے۔

16 ویں اوور میں کرسچین 17 رنز پر آؤٹ ہوئے اور یوں ملتان سلطان کی 118 رنز پر چوتھی وکٹ گرگئ۔ ان کی جگہ شاہد آفریدی نے لی۔

18 ویں اوور تک ملتان سلطان نے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 140 رنز بنالئے تھے۔ شعیب ملک 22 اور آفریدی 14 رنز پر کھیل رہے ہیں۔

انیسویں اوور کی پہلی بال پر شعیب ملک 22رنز پر آؤٹ ہوگئے ۔ اس وقت اسکور 140 رنز تھا جبکہ ایک رنز کے اضافے کے بعد ہی شاہد آفریدی 14رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ شعیب ملک کی جگہ حماد اعظم اور شاہد کی جگہ کرس گرین آجے لیکن حماد کو حسن نے صفر پر ہی آؤٹ کردیا۔

ٹیم کا مجموعی اسکور 141 رنز تھا جبکہ آگے لگاتار تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کل وکٹس کی تعداد 7ہوگئی۔

محمد الیاس نے حماد اعظم کی جگہ لی جس کے بعد 19 اوور میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر اسکور 144 رنز ہوگیا جس میں محمد الیاس کا ایک رن اور گرین کے دو رنز شامل تھے۔

آخری اوور وہاب ریاض نے کرایا جس کی دوسری بال پر محمد الیاس ایک رن پر ہی بولڈ ہوگئے۔ ان کی جنید خان آئے لیکن وہ ایک بال کھیل کر ہی پویلین لوٹ گئے ۔

آخری کھلاڑی کے روپ میں محمد عرفان کریز پر آئے لیکن میچ کی آخری بال پر گرین رن آؤٹ ہوگئے اور یوں پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 145 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پشاور زلمی کی جانب سے 6 بالرز استعمال کئے جن میں حسن علی نے چار، تمین، وہاب، عمید اور ڈاؤسن نے ایک ایک وکٹ لی۔

ملتان سلطان کے کھلاڑی
جیمس ونسے، عمر صدیق ،جانسن چارلس، شعیب ملک ، ڈینیل کرسچین، شاہد آفریدی، گرس گرین ، حماد اعظم، جنید خان، محمد الیاس اور محمد عرفان ۔

پشاور زلمی کی ٹیم
کامران اکمل، امام الحق، عمر امین ، دیوڈ میلان، کیرون پولاڈ، لیام ڈاؤسن ، ڈیرن سیمی، وہاب ریاض، حسن علی، عمید آصف اور ثمین گل

پوائنٹس ٹیبل
اسکور بورڈ پر ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہے جس نے اب تک 4 میچز جیتے ہیں ۔ اس طرح وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے ۔ پشاور زلمی نے 4 سے دو میچز جیتے ہیں اور اس کے 4 پوائنٹس ہیں۔ ٹیبل پر اس کا نمبر تیسرا ہے۔

لاہور قلندرز 5 میں سے دو میچز جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور ملتان سلطانز 4 میچز میں سے ایک میچ جیت کر دو پوائنٹس حاصل کر کے پانچویں نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG