رسائی کے لنکس

پی ایس ایل: کچھ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں گے، کچھ نہیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پشاور زلمی کی ٹیم کے سب ہی غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے کی یقین دہانی اس فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کی ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور اب ٹیموں کی توجہ پلے آف میچز پر مرکوز ہونے کے ساتھ ساتھ آئندہ ہفتے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ کے لیے ان ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے پر آمادہ کرنے پر بھی لگی ہوئی ہے۔

ان ٹیموں میں متعدد غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں جن میں سے بعض نے پاکستان جا کر کھیلنے سے معذرت کر لی ہے جب کہ چند ایک ابھی اس بارے میں کسی حتمی فیصلے تک نہیں پہنچے ہیں۔

تاہم پشاور زلمی کی ٹیم کے سب ہی غیر ملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے کی یقین دہانی اس فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کی ہے۔

پی ایس ایل کی اس دفاعی چیمیئن ٹیم میں ڈیرن سیمی، لائم ڈاسن، کرس جارڈن اور ڈوئن اسمتھ شامل ہیں۔

پہلے مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آنے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل انگلینڈ کے کھلاڑی سُمت پٹیل، نیوزی لینڈ کے لیوک رونکی، جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومنی اور ویسٹ انڈین کرکٹر سیموئیل بدری کی طرف سے پاکستان جا کر کھیلنے پر آمادگی کا بتایا گیا ہے جب کہ الیکس ہیلز، اسٹیون فن اور سیم بلنگز یہاں آنے کو تیار نہیں ہیں۔

اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل کیون پیٹرسن اور رائلی روسو پاکستان نہ آنے کا اعلان کر چکے ہیں۔

کراچی کنگز میں شامل انگلش کرکٹر اوئن مورگن نے سیزن میں مسلسل مصروفیت کے بعد کچھ وقت آرام کرنے کے اپنے فیصلے کو پاکستان نہ جانے کی وجہ بتایا ہے۔

تاہم اس ٹیم کے دیگر غیر ملکی کھلاڑی بشمول روی بوپارا، کالن انگرم، جو ڈینلی، ٹائمل ملز اور لینڈل سمنز کے پاکستان آنے کا بتایا گیا ہے۔

سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں پاکستان آ کر کھیلنے سے گریزاں رہی ہیں اور اسی بنا پر پاکستان کو اکثر سیریز کی میزبانی متبادل مقام یعنی متحدہ عرب امارات میں کرنی پڑی ہے۔

پی ایس ایل تھری کے دو سیمی فائنلز 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں کھیلے جائیں گے جب کہ فائنل 25 مارچ کو کراچی میں ہو گا۔

ان میچوں کے لیے سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور حکام پاکستان آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG