پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کو دوہرایا ہے کہ وہ کراچی کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔ اسے دوبارہ تعلیم و تہذیب یافتہ لوگوں کا شہر بنائیں گے ۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’کراچی کو روشنوں کا شہر کہا جاتا تھا لیکن بدقسمتی سے اسے بدنما داغ لگ گئے ہیں ۔ آج کراچی کے لوگوں کو ٹارگٹ کلراور بھتہ خوروں جیسے ناموں سے جوڑ دیا گیا ہے کیوں کہ پچھلے 50 سالوں میں کسی نے بھی اس شہر کے مسائل کے حل کی بات نہیں کی۔ ‘
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام باغ جناح میں اپنی پارٹی کی جانب سے منعقد کئے جانے والے پہلے عوامی جلسے کے شرکا سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کو 70فیصد سے زائد ریونیو کماکر دیتا ہے لیکن پھر بھی اس کے ترقیاتی فنڈز کے نام پر اربوں روپے ہڑپ کرلئے جاتے ہیں ، نیب نے آج تک کتنے لوگوں کو پکڑا ہے ، کتنے فیصد کرپشن روکی ہے یہ سب جانتے ہیں۔ ‘
انہوں نے کہا کہ بااختیاریونین کونسلزوالےبلدیاتی نظام کامطالبہ کر رہے ہیں،میں ہر پاکستانی سے ووٹ مانگنے جائوں گا ، گھر گھر جاؤں گا ۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’’میں اس جمہوریت کو نہیں مانتا جو صرف اسلام آباد کے ایوانوں میں ہو بلکہ میں ایسی جمہوریت چاہتا ہوں جس میں عوام کے مسائل گھر بیٹھےحل ہوں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی صرف 30دن میں لاکھوں وطن پرستوں کی تحریک بن گئی ہے۔دنیا میں ایسی کوئی دوسری جماعت نہیں جس نےاتنے کم وقت میں اتنے زیادہ لوگ اکھٹا کرلئے ہوں ۔
ان کا یہ کہنا بھی تھا کہ روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کا کام ہے لیکن اسپتالوں اور صفائی کا نظام یونین کونسلز کی ذمے داری ہے۔ گلی، محلے، گاؤں، گوٹھوں میں تعلیم، صحت اور آمد و رفت کا نظام ہوناچاہئے۔ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے جائیں گے تو ملک میں جمہوریت فروغ پائے گی۔