رسائی کے لنکس

ہماری جنگ کرپشن کے خلاف ہے: عمران خان


عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’جو نا انصافی سندھ کے لوگوں کے ساتھ ہو رہی ہے وہ شاید کسی اور کے ساتھ نہیں ہو رہی‘‘

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اس بات کو دہرایا ہے کہ ان کی جنگ کسی شخصیت کے خلاف نہیں، بلکہ کرپشن کے خلاف ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سندھ کے دوسرے سب سے بڑے شہر، حیدرآباد میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔

عمران خان نے کہا ہے کہ ’’جو نا انصافی سندھ کے لوگوں کے ساتھ ہو رہی ہے وہ شاید کسی اور کے ساتھ نہیں ہو رہی‘‘۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عوام کی تعلیم اور صحت پر خرچ ہونے والی رقم لانچوں کے ذریعے بیرون ملک چلی جاتی ہے، جہاں اس پیسے سے بڑے بڑے محل بنائے جا رہے ہیں۔

اپنے خطاب کے دوران، انہوں نے صوبائی حکومت اور حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ’’بیماری‘‘ سے تشبہہ دی۔

انہوں نے آصف زرداری کو ان سے بڑا جلسہ کرنے کا بھی چیلنج دیا، جبکہ شہر میں پھیلی ہوئی گندگی پر بھی حکومت پر تنقید کی۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف عوامی بیداری ضروری ہے ’’اور ہم اپنا یہی فرض ادا کر رہے ہیں۔ سندھ کے عوام کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں‘‘۔

جلسے میں عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی کے چیئرمین شاہ محمود قریشی، جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی شریک تھے۔

XS
SM
MD
LG