رسائی کے لنکس

تحریک انصاف کا منگل کو ’یوم سوگ‘ منانے کا اعلان


فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے کارکن حق نواز کی ملک بھر میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور یوم سوگ منایاجائے گا

کراچی ... پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فیصل آباد میں اپنے ایک کارکن کی ہلاکت پر منگل کو کراچی سمیت ملک بھر میں ’یوم سوگ‘ منانے کا اعلان کیا ہے، جبکہ تحریک کے ایک اور رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ ’حکومت طاقت کا استعمال کرے اور ہمارے کارکنان کی لاشیں گریں تو ایسے ماحول میں مذاکرات نہیں ہو سکتے‘۔

پیر کی رات فیصل آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ، ’ہلاک ہونے والے کارکن حق نواز کی ملک بھر میں غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور یوم سوگ منایا جائے گا‘۔

بقول اُن کے، ’حق نواز کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ شریف برادران جو چاہے کرلیں انصاف لے کر رہیں گے‘۔

عمران خان نے پیر کے واقعات کا ذمے دار مسلم لیگ نواز کے رہنماوٴں، رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی کو ٹھہرایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’پی ٹی آئی کے کارکنوں پر حملہ انہی دونوں افراد کے حمایتیوں نے کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ لاہور جانے کا ’خصوصی اہتمام کروں گا، جبکہ کراچی بھی میری منزل ہے‘۔ بقول اُن کے، ’ظلم کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے‘۔

ادھر پشاور میں فیصل آباد واقعے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں پی ٹی آئی کے رہنما، عارف علوی نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ’حق کے لئے نکلنے والے افراد پر طاقت کا مظاہرہ حکومتی غنڈہ گردی ہے۔‘

عارف علوی کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں سارا دن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی اور ’گلو بٹ معصوم لوگوں پر فائرنگ کرتے رہے‘۔

کراچی میں بھی تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے
فیصل آباد میں دن بھر کی ہنگامہ آرائی اور احتجاج کے ساتھ ساتھ شام کے اوقات میں کراچی میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شاہراہ فیصل پر نرسری اور کارساز کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ اس دوران، کارکنوں نے شاہراہ کے دونوں اطراف رکاوٹیں کھڑی کردیں اور ٹائروں کو آگ لگا دی۔

احتجاج کے سبب شاہراہ فیصل، ٹیپوسلطان روڈ، شاہراہ قائدین، ایم اے جناح روڈ، گرومندر اور دیگر اطرافی شاہراہ پر ٹریفک بری طرح جام ہوگیا؛ اور سینکڑوں افراد اس میں پھنس کر رہ گئے۔

دوسری جانب، تحریک انصاف سندھ کے صدر نادر اکمل لغاری نے منگل کو یوم سوگ منانے اور تاجروں سے 12دسمبر کو کراچی میں کاروبار رضاکارانہ طور پر بند رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ منگل کو ریگل چوک صدر، شاہراہ فیصل اور دیگر مقامات پر مظاہرہ کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG