رسائی کے لنکس

لمز میں بالی وڈ ڈے: 'جہاں ہر شادی میں انڈین گانے بجتے ہوں وہاں بالی وڈ ڈے پر غصہ آجاتا ہے'


لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے طلبہ کی جانب سے 'بالی وڈ ڈے' منانے پر جہاں بعض حلقے تنقید کر رہے ہیں تو وہیں سوشل میڈیا پر بعض صارفین کا کہنا ہے کہ بچوں کو ان کی زندگی خوشی سے گزارنے دیں۔

لاہور کی معروف یونیورسٹی 'لمز' کے طلبہ کے گروپ نے گزشتہ ہفتے 'بالی وڈ ڈے' منایا تھا جس میں طلبہ نے مختلف بالی وڈ اداکاروں کے نہ صرف روپ دھارے بلکہ ان کے انداز میں ڈائیلاگ بولنے کی بھی کوشش کی۔

سوشل میڈیا پر 'فوٹو لمز' کے اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ طلبہ لمز میں بالی وڈ ڈے منا رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوئی طالب علم فلم ہیرا پھیری کا مشہور ڈائیلاگ 'یہ بابو راؤ کا اسٹائل ہے' کہہ رہا ہے تو کسی نے سلمان خان کا روپ دھارا ہوا ہے اور فلم 'دبنگ' کا ڈائیلاگ ادا کر رہا ہے۔

بالی وڈ ڈے میں کسی نے فلم لگان کے اداکار کا روپ دھارا ہے تو کوئی فلم محبتیں میں شارخ خان کی طرح روپ دھار کر ایکٹنگ کی کوشش کر رہا ہے۔

اس ویڈیو کو کئی صارفین کی جانب سے پسند بھی کیا گیا اور انہوں نے کمنٹس میں مختلف کرداروں کی تعریف بھی کی۔

ویڈیو کے سامنے آنے پر سوشل میڈیا پر لمز یونیورسٹی پر شدید تنقید کا سلسلہ شروع ہوا اور لمز کے نام کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کرنے لگا۔ تاہم اس معاملے پر لمز یونیورسٹی کی جانب سے کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

سردار ریاض الحق نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ کیا لمز بھارت میں واقع ہے؟

اسی طرح مزری ریوولٹ نامی ایک اور صارف نے بالی وڈ ڈے کی دو ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے سوال کیا کہ یہ کیا ہے لمز میں بالی وڈ ڈے؟

سوشل پیرایہ نامی ایک اور صارف نے کہا کہ ایک قوم دہائیوں سے بالی وڈ فلموں کے جنون میں مبتلا ہے جہاں ہر شادی میں زیادہ تر بالی وڈ گانے بجائے جاتے ہیں وہاں لمز میں بالی وڈ ڈے منانے پر اچانک اتنا غصہ آجاتا ہے۔

اسی ٹوئٹ کے جواب میں آمنہ نامی ایک صارف نے لکھا کہ ''بالکل، اپنی انڈسٹری نے ویسے بھی کون سا تیر مار لیا ہے۔ بچوں کو ایک دن کے لیے بالی وڈ کے مشہور کرداروں سے لطف اندوز ہونے دیں۔''

سماجی کارکن شمع جونیجو نے لکھا کہ ''یہ بچے صرف بالی وڈ ڈے منا رہے ہیں۔ مجھے مزہ آیا انہیں دیکھ کر۔ اس میں کیا غلط ہے؟''

انہوں نے کہا کہ'' بچوں کو اپنی زندگی کے چند خوش گوار سال گزارنے دیں اس سے پہلے کہ وہ ملازمتوں کے دوران عملی زندگی کے غیرمعمولی حالات میں پھنس جائیں۔''

ناریش آرلانی نامی صارف نے پوسٹ کی کہ اس طرح کے پروگرام سرحد کے دونوں طرف ہونے چاہئیں تاکہ نفرت میں کمی ہو اور دونوں ممالک قریب آئیں۔

سارہ نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ لمز کے بچوں کو بالی وڈ ڈے منانے پر جو نفرت مل رہی ہے وہ منافقت ہے۔ پاکستان میں نیٹ فلکس پر بھارتی مواد ہمیشہ ٹاپ 10میں رہتا ہے۔

XS
SM
MD
LG