رسائی کے لنکس

پنجاب، بلوچستان اسمبلی کے اجلاس یکم جُون کو ہوں گے


یکم جُون کو ہی پاکستان کی قومی اسمبلی کا بھی پہلا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔

پاکستان کی قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ دو صوبوں کی اسمبلیوں کے اجلاس بھی ہفتہ یکم جون کو منعقد ہو رہے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے نو منتخب ارکان ہفتہ یکم جون کو حلف اٹھارہے ہیں۔

اس غرض سے اسمبلی کا پہلا اجلاس صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے۔ اسی روز ارکان کے حلف اٹھانے کے ساتھ ساتھ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کیلئے بھی کاغذات ِنامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔

اجلاس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں ہو گا۔ اسمبلی کی پوری عمارت پر پہلے ہی رنگ و روغن کی نئی تہیں چڑھا دی گئی ہیں۔ ایوان کی مرمت اور تزئین و آرائش کا تمام کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب رائے شماری کے ذریعے اجلاس کے اگلے روز یعنی 2 جون کو عمل میں لایا جائے گا۔ جس امیدوار کو سب سے زیادہ ووٹ ملیں گے وہی کامیاب قرار دیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی کے ارکان کی مجموعی تعداد 371 ہے تاہم ہفتے کو کل358 ارکان حلف اٹھائیں گے۔ اِن میں سے تقریبا 150 افراد پہلی مرتبہ اسمبلی میں ہہنچے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں نون لیگ نے حاصل کی ہیں۔ اس کی 246 عام اور اقلیتوں کی سات نشستیں ہیں جبکہ خواتین کی 50مخصوص نشستیں بھی مسلم لیگ نون کے پاس ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس
پنجاب کی طرح ہی بلوچستان اسمبلی کااجلاس بھی ہفتہ یکم جو ن کو ہوگا۔اجلاس میں نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔

سیاسی ماہرین اور تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ صوبے میں نون لیگ، پختون خواہ ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی پر مشتمل تین جماعتی اتحاد کی حکومت بنے گی تاہم اکثریت حاصل کرنے والی جماعتوں میں ابھی تک وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہیں ہوسکا۔ نون لیگ کے سردار ثنا اللہ زہری اور نوابزادہ چنگیز مری وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔
XS
SM
MD
LG