رسائی کے لنکس

پنجاب اور کیلی فورنیا کے درمیان  'سسٹر پروونس ' معاہدے پر دستخط


پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان  'سسٹر پروونس ' معاہدے پر دستخط
پنجاب اور کیلیفورنیا کے درمیان  'سسٹر پروونس ' معاہدے پر دستخط

پاکستان کے صوبہ پنجاب اور امریکی ریاست کیلی فورنیا کو'سسٹر پروونس' بنانے کے معاہدے پر اس ہفتے ریاستی دارالحکومت سیکرامینٹو ، کیلی فورنیا میں باقاعدہ دستخط کیے گئے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے مطابق کیلی فورنیا اور پنجاب کے درمیان 'سسٹر پروونس ' کا معاہدہ باہمی تجارت ، تعلیمی، ماحولیاتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دے گا۔ یہ معاہدہ موجود معاشی استعداد کو برؤے کار لانے اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔

تقریب میں کیلی فورنیا کے لیفٹیننٹ گورنر ایمبیسیڈر ایلینی کونالاکیس، ، کیلی فورنیا سٹیٹ اسمبلی کے اسپیکر انتھونی رینڈن ، کیلی فورنیا سٹیٹ اسمبلی کے ممبر کرس ہولڈن ، ، امریکی ریاستی حکام اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کیلی فورنیا کی ریاستی اسمبلی کے اسپیکر مسٹر اینتھونی رینڈن نے ریاست کیلی فورنیا کی طرف سے اور حکومت پنجاب کی جانب سے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب واصف خورشید نے معاہدے پر دستخط کیے۔

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی تقریب میں موجود تھے۔

پاکستانی سفارت خانے کی پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر سفیر مسعود خان نے کہا کہ صوبہ پنجاب اور کیلی فورنیا کے مابین تاریخی سسٹر پروونس معاہدہ نہ صرف فریقین کے درمیان ہر سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کے ضمن میں اہم سنگ میل ہے بلکہ یہ پاکستان امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کو تقویت فراہم کرے گا۔

کیلی فورنیا کی ریاستی اسمبلی کی قیادت کی جانب سے گورنر ہاؤس میں پاکستانی وفد کے اعزاز میں منعقدہ اعلیٰ سطحی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کیلی فورنیا اور پنجاب کے درمیان سسٹر پروونس معاہدہ تجارت، زراعت، کاروبار، ٹیکنالوجی، ماحولیات اور عوامی رابطوں سمیت اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔

ریاست کیلی فورنیا کا شمار دنیا کی سب سے بڑی چار معیشتوں میں کیا جاتا ہے ۔ پاکستان کی سب سے زیادہ آبادی والے صوبہ پنجاب کا متحرک متوسط طبقہ باہمی طور پر فائدہ مند تعلقات اور سودمند شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے مطلوبہ ہم آہنگی پیدا کرے گا۔

دونوں فریقوں نے پاکستان سے آم اور کھجور کی درآمد اور امریکہ سے کینو کے لیے ایگری ٹیک میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کے علاوہ گندم، کپاس اور چاول کے ہائبرڈ بیجوں میں یوسی ڈیوس اور موسمیاتی سمارٹ ایگریکلچر کے حوالے سے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

ممتاز پاکستانی نژاد امریکی رہنما ڈاکٹر آصف محمود جنہوں نے حال ہی میں امریکی ایوان نمائندگان کے لیے کیلی فورنیا سے الیکشن لڑا، اس تا ریخی معاہدے کو یقینی بنانے کیلئےاہم کردار ادا کیا ہے اور اس حوالے سے وہ ریاستی اسمبلی کی قیادت اور قانون سازوں کے حمایت حاصل کے لیے انتھک کوششیں کرتے رہے ہیں۔

امریکہ میں پاکستانی آم: سپلائی کم، خریدار زیادہ
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:35 0:00

اسمبلی میں معاہدے کی قرارداد کو آگے بڑھانے اور اس کی منظوری کیلئے اتفاق رائےرائے پیدا کرنے کیلئے ریاست کیلی فورنیا کی اسمبلی کے رکن اور تجربہ کار پارلیمنٹیرین کرس ہولڈن نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ معاہدہ کیلی فورنیا اور پنجاب کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیلی فورنیا کی لیفٹیننٹ گورنر ایلینی کونالاکیس نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے اور مضبوط کرنے میں یہ معاہدہ مدد گار ہوگا۔

سفیر مسعود خان نے پاکستان امریکہ دوطرفہ تجارتی حجم خاص طور پر امریکہ کے لیے پاکستانی آئی ٹی سروسز کی درآمدات جس کا موجود حجم 1.4 بلین ڈالر زہے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے امریکہ کو برآمد ہونے والی آئی ٹی سروسز کا 80 فیصد کیلی فورنیا کو موصول ہو رہا ہے، تاہم اس حجم کو مستقبل قریب میں پانچ ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا ہے۔

اس موقع پرپاکستانی وفد نے کیلی فورنیا کی قیادت کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا اور دونوں پارٹیوں سے تعلق رکھنے والا وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ بھی کرے گا۔

ریاست کیلی فورنیا نے اس وقت پوری دنیا میں مختلف صوبوں اور ریاستوں کے ساتھ 32 سرکاری سسٹر اسٹیٹ، فرینڈشپ اسٹیٹ، اور تعاون کے معاہدے کیے ہیں ۔

ریاست کے خارجہ تعلقات کے سینیٹ دفتر کے مطابق اس طرح کے بین الاقوامی تعلقات اور معاہدے دو خطوں، ریاستوں یا صوبوں کے درمیان دوستی اور باہمی خیرسگالی کی علامت ہیں جس سے دو طرفہ تعاون کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔

اس خبر کا زیادہ تر مواد واشنگٹن میں پاکستانی سفارت کی جانب سے فراہم کیا گیا ہے ۔

XS
SM
MD
LG