رسائی کے لنکس

حکومتِ پنجاب کے ہڑتالی ڈاکٹروں سے مذاکرات ’کامیاب‘


ڈاکٹر دو ہفتوں سے زائد عرصے تک ہڑتال پر رہے
ڈاکٹر دو ہفتوں سے زائد عرصے تک ہڑتال پر رہے

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی پنجاب میں شاخ سے منسلک نوجوان ڈاکٹرز تنخواہوں میں اضافے اور سروس اسٹرکچر کے نفاذ کے لیے گزشتہ 16 دن سے ہڑتال پر تھے۔

حکومتِ پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے میں احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں کے ساتھ تمام معاملات طے پا گئے ہیں جس کے بعد اُنھوں نے ہڑتال ختم کر دی ہے۔

صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناء اللہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ سینیئر ڈاکٹروں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے بدھ کی رات ملاقات کرکے ہڑتال کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ کامیاب مذاکرات کے بعد نظر بند ڈاکٹروں کی رہائی کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سے مذاکرات کے بعد زیر حراست نوجوان ڈاکٹروں کو رہا کر دیا گیا ہے لیکن اُن کی نمائندہ تنظیم ’ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن‘ کا کہنا ہے کہ معالجین تب ہی اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھالیں گے جب ان کے خلاف قائم مقدمات بھی واپس لے لیے جائیں گے۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی پنجاب میں شاخ سے منسلک نوجوان ڈاکٹرز تنخواہوں میں اضافے اور سروس اسٹرکچر کے نفاذ کے لیے گزشتہ 16 دن سے ہڑتال پر تھے۔

پولیس نے اتوار کو رات دیر گئے ہڑتالی ڈاکٹروں میں سے 36 کو حراست میں لینے کے بعد ان کو ایک ماہ کے لیے نظر بند کر دیا تھا۔

ہڑتال کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا رہا اور اس میں کمی کے لیے صوبائی حکومت کی درخواست پر فوج کے 150 معالجین بھی مختلف اسپتالوں میں کام کر رہے ہیں جب کہ نئے ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل بھی جاری ہے۔
XS
SM
MD
LG