رسائی کے لنکس

پنجاب اور ثقافت، بالی ووڈ فلموں کا ’ایسنس‘


پنجاب اور ثقافت بالی ووڈ فلموں کا ایسنس بن گیا۔ پنجاب کے بغیر، فلمیں گویا ادھوری ہیں۔ گانے، زبان، لوکیشنز، کردار سب کے سب کہیں نہ کہیں پنجاب سے جڑ تے ہیں

کراچی ۔۔۔سرسوں کے دور تک پھیلے، پیلے پیلے کھیتوں میں دلوں کو چھو لینے والے رومینٹک گانے گاتی خوب صورت ہیروئن ہو۔۔ یا۔۔ نظروں کی آخری حدوں کو چھوتے سرسبز و گھنے باغات میں بجتی سریلی تانیں۔۔ ٹریکٹر پر بیساکھی کے نغمے بکھرے ہوں یا فصلوں میں چلتے ہل اور رہٹ کی دلکش آوازیں۔۔۔آپ کو ہر ادا، ہر انداز سے محسوس ہو جائے گا کہ یہ بالی ووڈ فلموں میں دکھایا جانے والا پنجاب کا پس منظر ہے۔

صحیح صحیح اعداو شمار میں شاید کبھی بھی یہ بتانا ممکن نہ ہو کہ پہلی مرتبہ پنجاب کا پس منظر کس فلم اور گانے میں استعمال ہوا ہو۔ لیکن، تب سے اور موجودہ دور کی فلم ’سن آف سردار‘ تک کی تمام فلموں تک پنجاب فلموں کی ایسی ضرورت بنا ہوا ہے، جس کا مزا کبھی پھیکا نہیں پڑا۔

شاہ رخ خان اور پریٹی زنٹا کی فلم ’ویر زارا‘ میں یش چوپڑا نے پنجاب کا ماحول دکھا کر سرحد پار عشق کا کلاسک کلچر پیش کرکے ناصرف دلوں کو لوٹ لیا۔ بلکہ، ہندی فلموں میں یورپ کے گھسے پٹے پس منظر کا رواج بھی ختم کردیا۔ اب جو پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز سوئٹزر لینڈ اور لندن کی گلیوں میں گانے پکچرائز کرانے پر کروڑوں روپے کا زرمبادلہ خرچ کرتے تھے، اس کی کمی پنجاب کے پس منظر نے دور کردی۔

فلم میکرز کے لئے پنجاب اور چندی گڑھ زیادہ دلچسپی کا باعث ہیں۔ اسی لئے، پنجاب میں فلموں کی شوٹنگ معمول بنتی جارہی ہے۔ گذشتہ پانچ سالوں میں عامر خان، شاہ رخ خان، سلمان خان، سنجے دت، اجے دگن، سیف علی خان، رنبیر کپور اور اکشے کمار سمیت کون سا ایسا میگا اسٹار ہے جس نے چندی گڑھ اور پنجاب کے قریبی علاقے میں آکر شوٹنگ نہ کرائی ہو۔

ان میں سے کئی فنکار تو ایسے بھی ہیں جنہوں نے ایک دو بار نہیں کئی کئی بار پنجاب میں شوٹنگ رکھی ہے۔

ہیروئنز کی بات کریں تو کرینہ کپور، کترینا کیف، سوناکشی سنہا، پریٹی زنٹا، سونم کپور وغیرہ ۔۔۔ان سب نے پنجاب کا پانی پیا ہے، یہاں کے دریا اور کھیت کھلیان دیکھے ہیں۔

انڈو ایشین نیوز سروس کے مطابق، اداکار آریا ببر کا کہنا ہے، ’پنجاب اور ثقافت بالی ووڈ فلموں کا ایسنس بن گیا۔ پنجاب کے بغیر فلمیں گویا ادھوری ہیں۔ گانے، زبان، لوکیشنز، کردار سب کے سب کہیں نہ کہیں پنجاب سے جڑ تے ہیں۔‘

سلمان خان کی ’باڈی گارڈ‘، شاہد کپور کی ’موسم‘، اکشے کمار کی ’جوکر‘ ، اجے دیوگن کی ’سن آف سردار‘، عمران خان کی ’میرے برادر کی دلہن‘، فرحان اختر کی ’بھاگ میکھا بھاگ‘ ، ’میرے ڈیڈ کی ماروتی‘، ’رنگ دے بسنتی‘، ’آج کل‘، اور ’بے شرم‘ چندی گڑھ، پٹیالہ اور پنجاب کے ہی دیگر شہروں میں شوٹ کی گئی ہیں۔
XS
SM
MD
LG