رسائی کے لنکس

نقل مکانی کرنے والوں کے لیے دو ہزار گھر بنائیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب


وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف (فائل فوٹو)
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف (فائل فوٹو)

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ فوجی آپریشن کے بعد بے گھر افراد کی بحالی کے عمل میں ان کی حکومت بھی بھرپور تعاون کرے گی۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ بندوق کے زور پر اپنا نظریہ نافذ کرنا چاہتے تھے لیکن فوجی آپریشن ضرب عضب ان لوگوں کے خلاف پاکستان کے لیے فتح لے کر آئے گا۔

بدھ کو شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کر کے آنے والوں سے خیبر پختونخواہ کے علاقے بنوں میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں امن کے قیام تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں گزشتہ ماہ فوج نے ملکی و غیر ملکی شدت پسندوں کے خلاف بھرپور فوجی کارروائی شروع کی تھی جس میں اب تک حکام کے بقول پانچ سو سے زائد عسکریت پسند مارے جا چکے ہیں اور ان کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

فوجی آپریشن کی وجہ سے شمالی وزیرستان سے خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد سمیت لاکھوں افراد نقل مکانی کر کے خیبرپختونخواہ کے بندوبستی علاقوں میں عارضی طور پر مقیم ہیں۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ فوجی آپریشن کے بعد بے گھر افراد کی بحالی کے عمل میں ان کی حکومت بھی بھرپور تعاون کرے گی۔

انھوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ شمالی وزیرستان کے لیے لوگوں کے لیے ایک اسپتال، ایک یونیورسٹی اور اسکولوں کے علاوہ دو ہزار مکانات بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG