رسائی کے لنکس

خوف کو دفن کر کے دہشت گردوں کو شکست دینا ہو گی: شہباز شریف


اسلام آباد میں امریکہ سفارت خانے کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان میں شجاع خانزادہ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی گئی

پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ’’چین سے نہیں بیٹھا‘‘ جائے گا۔

خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کی یاد میں پیر کو صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ’’خوف کو دفن کرنا ہو گا، جرت، اتحاد اور یکسوئی کے ساتھ ہمیں دہشت گردوں کو، اُن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر اُنھیں عبرت ناک شکست دینا ہو گی۔‘‘

شجاع خانزاہ کو اتوار کو ضلع اٹک میں اُن کے آبائی گاؤں شادی خان میں دہرے خودکش بم حملے میں نشانہ بنایا گیا۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وہ اپنے گھر سے ملحقہ ڈیرے پر مقامی لوگوں کے ہمراہ بیٹھے تھے، کہ حملے کے نتیجے میں کمرے کی چھت زمین بوس ہو گئی اور شجاع خانزاہ سمیت کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔

پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل مشتاق سکھیرا نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دو میں سے ایک خودکش بمبار اُن کے ڈیرے میں داخل نہیں ہو سکا اور اُس نے گلی میں اُس کمرے کی دیوار ساتھ خود کو اُڑیا جہاں شجاع خانزادہ بیٹھے ہوئے تھے۔

مشتاق سکھیرا کے مطابق دوسرا خودکش حملہ آور ڈیرے میں داخل ہوا تھا، تاہم اُنھوں نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

اس بم حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 19 ہو گئی ہے جب کہ 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک مقامی ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) شوکت شاہ بھی شامل ہیں۔

پنجاب حکومت نے شجاع خانزادہ کے ہلاکت پر صوبے میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ شجاع خانزادہ کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

شجاع خانزادہ فوج کے ریٹائرڈ کرنل تھے اور گزشتہ سال صوبائی وزارت داخلہ کا منصب سنھبالنے کے بعد صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیوںکی نگرانی کر رہے تھے۔

اُدھر اسلام آباد میں امریکہ سفارت خانے کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان میں شجاع خانزادہ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی گئی اور بیان میں اس پرتشدد واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ گہری ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگمیں پاکستانی عوام اور پاکستانی حکومتکی کوششوں کے ساتھ ہے۔

سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا کہ اس وحشیانہ فعل کی تحقیقات کرنے والے حکومتی اداروں کی طرف سے اگر کہا گیا کہ تو امریکہ اپنا تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔

XS
SM
MD
LG