رسائی کے لنکس

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان پھر ملتوی


پنجاب کی جانب سے 30 جنوری کو انتخابات کرانے کے لئے کاغذات جمع کرائے گئے، جبکہ سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے قوانین کے حوالے سے نوٹیفکیشن پیش نہیں کئے جس کے باعث سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان تیسری بار بھی موٴخر کردیا گیا

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے پُرامن انعقاد کے بعد باقی تینوں صوبوں میں انتخابات کے لئے راہیں مزید ہموار ہوگئی ہیں۔ تاہم، سندھ حکومت انتخابی تاریخوں کے حوالے سے بار بار اپنے فیصلے بدل رہی ہے۔

پیر کو تیسری مرتبہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے شیڈول کا اعلان ملتوی کرنا پڑا۔ حالانکہ، اس کے مقابلے میں حکومت پنجاب 30جنوری کو انتخابات کرانے پرآمادہ ہے۔ حکومت سندھ اس بار زور دے رہی ہے کہ چونکہ انتخابات کے لئے تیاریاں پوری نہیں اس لئے انتخابات مارچ میں کرائے جائیں۔

پیر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس حوالے سے ایک اہم اجلاس بھی طلب کیا۔

اجلاس میں پنجاب کی جانب سے 30جنوری کو انتخابات کرانے کے لئے کاغذات جمع کرائے گئے، جبکہ سندھ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے قوانین کے حوالے سے نوٹیفکیشن پیش نہیں کئے، جس کے باعث سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا اعلان تیسری بار بھی موٴخر کردیا گیا۔

پاکستان میں برقی میڈیا سے پیش کی جانے والی خبروں کے مطابق، پیر کو ہی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت میں سندھ کابینہ کا ایک اہم اجلاس بھی ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں بلدیاتی الیکشن مارچ میں کرانے کے لئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا۔

سندھ حکام کا کہنا ہے کہ 18 جنوری کو الیکشن کرانا ممکن نہیں، شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد مارچ کی کوئی تاریخ دی جائے گی۔

ادھر الیکشن کمیشن کے سیکریٹری اشتیاق احمد کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کو تاریخوں میں تبدیلی کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا پڑے گا۔
XS
SM
MD
LG