رسائی کے لنکس

باغی یوکرین کے محصور فوجیوں کو چھوڑ دیں: پوٹن


روس کے صدر پوٹن
روس کے صدر پوٹن

پوٹن کے بیان میں کیئف اور مغربی ملکوں کی طرف سے عسکریت پسندی میں براہ راست ماسکو کی مداخلت کے الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

روس کے صدر ولادیمر پوٹن نے ماسکو نواز علیحدگی پسندوں سے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے مشرقی علاقے میں محصور یوکرینی فوجیوں کو چھوڑ دیں۔

جمعہ کو کریملن سے جاری بیان میں پوٹن نے عسکریت پسندوں پر زور دیا کہ وہ ان فوجیوں کو "انسانی ہمدردی کی بنیاد پر راستہ" دیں تاکہ "بے وجہ ہلاکتوں" سے بچا جاسکے۔

باغیوں کے ایک رہنما الیگزینڈر زاخرچنکو نے روس میڈیا کو بتایا کہ وہ اس درخواست پر عمل کریں گے لیکن یوکرین کے فوجیوں کو ہتھیار ڈالنا ہوں گے۔

تقریباً ایک ہفتے سے زائد عرصے سے باغیوں نے الوویاسک نامی علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے جہاں یوکرین کے فوجی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

پوٹن کے بیان میں کیئف اور مغربی ملکوں کی طرف سے عسکریت پسندی میں براہ راست ماسکو کی مداخلت کے الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

لیکن انھوں نے باغیوں کی طرف سے "کیئف کے فوجی آپریشن کو کامیابی سے روکنے" پر انھیں مبارکباد دی جو کہ ان کے بقول عام شہریوں کے لیے ایک خطرہ تھا۔

مشرقی یوکرین میں جاری لڑائی میں حالیہ ہفتوں میں تیزی دیکھی گئی۔ جمعہ کو اقوام متحدہ نے کہا کہ رواں سال اپریل کے وسط سے یوکرین میں ہونے والی پرتشدد کارروائیوں میں لگ بھگ 2600 افراد مارے جاچکے ہیں۔

ان ہلاکتوں میں وہ 298 افراد شامل نہیں جو لڑائی والے علاقے میں میزائل لگنے سے تباہ ہونے والے ملائیشین طیارے پر سوار تھے۔

XS
SM
MD
LG