رسائی کے لنکس

پوتن، اردوان اور روحانی 4 اپریل کو ترکی میں ملاقات کریں گے


ترک صدر طیب اردوان، روسی صدر ولادیمر پوتن (درمیان) ایرانی صدر حسن روحانی (بائیں) (فائل فوٹو)
ترک صدر طیب اردوان، روسی صدر ولادیمر پوتن (درمیان) ایرانی صدر حسن روحانی (بائیں) (فائل فوٹو)

روس کے صدر ولادیمر پوتن، ایرانی صدر حسن روحانی اور ترک صدر رجب طیب اردوان چار اپریل کو انقرہ میں ملاقات کریں گے۔

یہ ملاقات ان تین ملکوں کی سربراہ کانفرنس میں ہو گی جو شام میں قیام امن کے لیے مذاکراتی عمل کے سلسلے کی حمایت کر رہے ہیں۔

تین ملکی سربراہ کانفرنس سے ایک دن پہلے صدر پوتن اور صدر اردوان ترکی کے دارالحکومت میں دوطرفہ بات چیت کے لیے ملاقات کریں گے یہ ملاقات ترک روسی تعاون سے متعلق اعلیٰ سطح کی کونسل کا حصہ ہے۔

ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی اینادولو کے مطابق خطے کی صورت حال اور شام میں جاری جنگ کے علاوہ ترک اور ایرانی صدر دوطرفہ امور پر متوقع طور بات چیت کریں گے۔

کریملن کی طرف سے 7 مارچ کو یہ اعلان کیا گیا تھا کہ یہ ملاقات اپریل میں ہوگی تاہم اس بارے میں نا تو حتمی تاریخ کا بتایا گیا اور نہ ہی یہ وضاحت کی گئی کہ یہ ملاقات کہاں ہوگی۔

روس، ترکی اور ایران شام کی جنگ میں پوری طرح شامل ہیں اس کے علاوہ وہ قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہونے والے امن مذاکرات کی بھی حمایت کرتے ہیں۔ یہ بات چیت کا عمل اقوام متحدہ کی حمایت سے جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کے متوازی ہو رہے ہیں تاکہ شامی تنازع کا پرامن حل تلاش کیا جائے۔

روس کی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور ان کے ترک ہم منصب مولود چاوش اوغلو نے 30 مارچ کو پوتن اردوان ملاقات سے متعلق فون پرگفتگو کی۔

بیان کے مطابق"دونوں وزراء نے روس اور ترکی کے درمیان ہونے والے سربراہی کانفرنس سے پہلے اہم دوطرفہ امور پر بات چیت کی۔"

XS
SM
MD
LG