رسائی کے لنکس

قلندرز نے زلمی کو ہرا دیا، پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن


Lahore Qalandars
Lahore Qalandars

پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

لاہور میں کھیلے گئے میچ میں قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے۔

حیدر علی نے 43 گیندوں پر 69 اور شعیب ملک نے 43 گیندوں پر 62 رنز بنائے۔ حیدر علی نے چار چوکے اور چار ہی چھکے لگائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف ایک گیند پہلے حاصل کر لیا۔ فخر زمان نے 46 گیندوں پر63 اور کرس لن نے 32 گیندوں پر 59 رنز اسکور کیے۔ دونوں کی اننگز میں تین تین چھکے شامل تھے۔ آخری 2 اوورز میں 24 رنز درکار تھے۔ لیکن ڈیوڈ ویز اور سمیت پاٹل نے حواس بحال رکھے۔ کارلوس بریتھ ویٹ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

فخر زمان کو مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔ اس میچ کے بعد لاہور قلندرز کے 8 پوائنٹس ہوگئے ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر آگئی ہے۔ پشاور زلمی کے 9 اور ملتان سلطانز کے 11 پوائنٹس ہیں۔ لیگ کے 6 میچ باقی ہیں جس کے بعد 3 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں مقابلہ کریں گی۔

کل لاہور میں ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ شام سات بجے شروع ہوگا۔

XS
SM
MD
LG