رسائی کے لنکس

سرفراز احمد کی کپتانی برقرار، بابر اعظم نائب کپتان مقرر


اطلاعات کے مطابق سرفراز کو کپتان برقرار رکھنے اور بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کا فیصلہ مصباح الحق کی سفارش پر کیا گیا — فائل فوٹو
اطلاعات کے مطابق سرفراز کو کپتان برقرار رکھنے اور بابر اعظم کو نائب کپتان بنانے کا فیصلہ مصباح الحق کی سفارش پر کیا گیا — فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں ماہ کے آخر سے شروع ہونے والے سری لنکا کے دورہ پاکستان کے لیے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا ہے جبکہ بابر اعظم نائب کپتان ہوں گے۔

ان دونوں کے ناموں کا اعلان پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی اور ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

سرفراز احمد پہلی مرتبہ 2016 میں ٹی 20 ٹیم کے کپتان مقرر ہوئے جبکہ 2017 میں انہیں ہی ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان بنا دیا گیا۔

نائب کپتان مقرر ہونے والے بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ کی رینکنگ میں 16 ویں، ون ڈے میں تیسری اور ٹی 20 میں پہلے نمبر پر ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سرفراز کو کپتان برقرار رکھنے اور بابر اعظم کو نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ مصباح الحق کی سفارش پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کیا۔

نئے ڈومیسٹک نظام کے تحت قائد اعظم ٹرافی کا آغاز

پی سی بی کی جانب سے تشکیل دیئے گئے نئے ڈومیسٹک نظام کے تحت قائد اعظم ٹرافی کا آغاز ہوگیا ہے۔ پہلا میچ سندھ اور بلوچستان کے درمیان یو بی ایل کمپلیکس کراچی میں کھیلا جا رہا ہے۔

آغاز کے موقع پر حال ہی میں انتقال کر جانے والے کرکٹر عبدالقادر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ سوگ میں تمام کھلاڑیوں نے سیاہ رنگ کی پٹیاں پہنی ہوئی تھیں۔

قائد اعظم ٹرافی میں پہلے روز تین میچز کھیلے جائیں گے جن میں سندھ کا مقابلہ بلوچستان سے ہوگا جبکہ باقی میچز میں سینٹرل پنجاب، سدرن پنجاب، نادرن ایریاز اور خیبر پختونخوا کی ٹیمیں ایک دوسرے سے پنجہ آزمائی کریں گی۔

تینوں میچز الگ الگ مقامات پر کھیلے جائیں گے۔

پورے ایونٹ کے دوران چھ ٹیمیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی جن میں بلوچستان، سندھ، سدرن پنجاب، سینٹرل پنجاب، ناردرن ایریاز اور خیبرپختونخوا شامل ہیں۔

کھلاڑیوں کی جانب سے کرکٹر عبدالقادر کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے
کھلاڑیوں کی جانب سے کرکٹر عبدالقادر کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے

ٹیموں کے درمیان چار روزہ میچز ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ میچز کی کل تعداد 31 ہے۔

پی سی بی کے طے کردہ فارمیٹ کے مطابق قائداعظم ٹرافی کا پہلا حصہ چار راؤنڈز پر مشتمل ہوگا۔ اس کے بعد قومی ٹی-20 کپ شروع ہوگا۔ فائنل میچ کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق سندھ ٹیم کا کپتان سرفراز احمد کو بنایا گیا ہے جبکہ سدرن پنجاب کی قیادت شان مسعود اور بلوچستان کرکٹ ٹیم کی قیادت حارث سہیل کے پاس ہے جبکہ خیبر پختوانخوا کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان ہیں۔

XS
SM
MD
LG