رسائی کے لنکس

فلپائن میں زلزلے سے آٹھ افراد ہلاک، 60 زخمی


فلپائن کے جزیرے اتبایات میں ایک شخص زلزلے سے متاثرہ مکان کو دیکھ رہا ہے۔
فلپائن کے جزیرے اتبایات میں ایک شخص زلزلے سے متاثرہ مکان کو دیکھ رہا ہے۔

فلپائن کے شمالی صوبے بٹائنس میں زلزلے سے آٹھ افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ہفتے کو فلپائن کے شمالی علاقوں میں وقفے وقفے سے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

مقامی حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے سیکڑوں مکانات تباہ ہو گئے جب کہ اب تک آٹھ افراد کے ہلاک اور 60 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

فلپائن جزیروں پر مشتمل ملک ہے جس کا بٹائنس نامی جزیرہ ملک کے شمال میں واقع ہے۔

فلپائن کی حکومت کے مطابق زلزلے کے ابتدائی جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4ء5 ریکارڈ کی گئی جس کے تین گھنٹے بعد دوبارہ 9ء5 کی شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔

فلپائن نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق میڈیکل اور ریسکیو کی ٹیموں کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا جا رہا ہے جب کہ فلپائن کی فوج کے اہلکار بھی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے زخمیوں کو نکالنے اور دیگر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

بٹائنس کے صوبائی ڈیزاسٹر ریسپانس آفس کے سربراہ رولڈن نے خبررساں ادارے ’اے پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے لکڑیوں اور پتھروں سے بنے روایتی مکانات ٹوٹ گئے اور لوگ خوف سے رات بھر نہیں سو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بستر اور ہر چیز مستقل ہل رہی تھی اور سب بچاؤ کے لیے بھاگ رہے تھے۔

رولڈن نے بتایا کہ زلزلے کے ابتدائی جھٹکوں کے تین گھنٹے بعد جب دوبارہ زلزلہ آیا تو وہ بٹائنس کے صوبائی گورنر کے ہمراہ اپنے آفس میں موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ "زلزلے کی شدت کے باعث ہمیں اس وقت آفس میں ہی رکنا پڑا، نہ ہم چل سکتے تھے اور نہ ہی کھڑے ہو پا رہے تھے۔"

اتبایات فلپائن کا ایک جزیرہ ہے جو بٹائنس صوبے کا حصہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس جزیرے پر ایک ہزار سے زائد افراد زلزلے سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

اتبایات کی نصف آبادی ماہی گیروں پر مشتمل ہے جنہیں حکام نے آفٹر شاکس کے سبب اپنے گھر واپس نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔

اتبایات کے میئر رال سیگن نے ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن سے گفتگو میں بتایا ہے کہ علاقے میں زخمیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جس کے باعث مزید ڈاکٹروں کی ضرورت ہے۔

زلزلوں سے اتبایات کے مرکزی اسپتال کی عمارت کو بھی خاصا نقصان پہنچا ہے لیکن اسپتال فی الحال کام کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ فلپائن جغرافیائی طور پر بحرِ اوقیانوس کے اس حصے میں واقع ہے جہاں بڑی تعداد میں زلزلے آتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG