رسائی کے لنکس

ملکہ برطانیہ کی پلاٹینم جوبلی، شاندار تقریبات اور جیٹ طیاروں کا مسحورکُن مظاہرہ


ملکہ الزبیتھ کی تاج پوشی کی پلاٹینم جوبلی کی تقریب کی ایک یادگار جھلک: محل کی بالکونی سے ملکہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد طیاروں کی پرواز کا منظر دیکھ رہے ہیں۔ دو جون 2022ء
ملکہ الزبیتھ کی تاج پوشی کی پلاٹینم جوبلی کی تقریب کی ایک یادگار جھلک: محل کی بالکونی سے ملکہ اور شاہی خاندان کے دیگر افراد طیاروں کی پرواز کا منظر دیکھ رہے ہیں۔ دو جون 2022ء

ستّر برس قبل ملکہ الزبتھ دوم نے برطانوی شاہی خاندان کی جا نشینی کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، اس مناسبت سے پلاٹینم جوبلی کی چار روزہ تقریبات کے جشن کا برطانیہ میں جمعرات سے باضابطہ آغاز ہوچکا ہے۔ عمر رسیدہ ہونے کے باوجود ان کی باوقار مسکراہٹ اور شخصیت کا رعب و دبدبہ اسی طرح قائم ہے۔

اس موقع پر برطانوی فوجی روایات پر مشتمل ایک شاندار نمائش منعقد ہوئی۔ شاہی روایات کی شروعات گھڑسواری ، توپ کی نمائش اور قومی پرچم آویزاں کرنے کے شایان شان منظر سے ہوتی ہوئی وقت کے ساتھ نیا روپ دھارتے ہوئے آج کے جدید جیٹ طیاروں کی گھن گھرج کے مثالی اور سحر انگیزلمحے سے گزر رہی ہے۔

ملکہ الزبیتھ دوم
ملکہ الزبیتھ دوم

جمعرات کو پلاٹینم جوبلی کی یہ شاہی تقریب بکنگھم پیلس کی بالکونی پر منعقد ہوئی، جہاں ملکہ الزبتھ سمیت شاہی خاندان کے دیگر افراد نمودار ہوئے۔ اُسی دوران شاندار 'ملٹری فلائی پاسٹ' ہوا، جس میں 70 جیٹ طیاروں نے یکے بعد دیگرے گھن گرج کے ساتھ تالیوں کی گونج میں پرواز کی۔

ملکہ برطانیہ اب 96 برس کی ہیں، وہ سات دہائیوں سےملک کے شاہی فرائض انجام دے رہی ہیں، جو اپنے طور پر ایک طویل ترین ریکارڈ ہے۔

چار روزہ جشن کے دوران، جس کا آغاز جمعرات کو ہوا، برطانیہ کے مختلف شہروں میں ہزاروں مقامات پر اسٹریٹ پارٹیز منعقد ہو رہی ہیں۔ جشن کے آغاز پر پریڈ کے روٹ پر جمعرات کو ہزاروں افراد نے رات سڑکوں پر قائم کیمپوں میں گزاری، کئی ایک یونین جیک پرچم، پارٹی ہیٹس اورپلاسٹک کے تاج پہنے ہوئے تھے۔ ان میں ایسے بھی لوگ تھے جو شاہی خاندان سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ ان میں کارلی مارٹن بھی شامل تھیں، جو بیٹی کے ہمراہ بس کے ذریعے رات گئے ساؤتھ لندن سے جشن کے کلیدی روٹ کے مقام پرپہنچیں۔ انھوں نے بتایا کہ ''ہم ان یادگارقومی لمحات کا حصہ بننا چاہتے ہیں''۔

پلاٹینم جوبلی
پلاٹینم جوبلی

بقول ان کے، ''اب آپ اپنی زندگی میں یہ دن پھر نہیں دیکھ سکیں گے۔ کم از کم میری زندگی میں یہ ممکن نہیں ہے۔ ہوسکتا ہے کہ میری بیٹی 70 برس کی اس طرح کی کسی تقریب کا کبھی نظارہ کرسکے''۔

اس خصوصی تقریب میں ملکہ الزبتھ خوب مسکرائیں، جب انھوں نے اپنے پڑ پوتوں اور پڑ پوتیوں، پڑ نواسوں اورپڑ نواسیوں سے باتیں کیں۔ اس دوران برطانیہ کے ملٹری جیٹ طیارے شاہی محل کی بالکونی کے اوپر سے گزر ے۔ چھ منٹ کی پرواز کے اس مثالی منظر کے دوران ٹائفون جیٹ طیاروں نے ٹکڑیوں میں پرواز کی جن پر 70 کا ہندسہ نمایاں تھا۔

یہ تقریبات چار دن جاری رہیں گی، جن میں سے دو دن کی اختتام ہفتہ چھٹیاں بھی شامل ہیں۔

پلاٹینم جوبلی کی تقریب
پلاٹینم جوبلی کی تقریب

ملکہ کی حکمرانی کے دور کی خوشیاں منانے کے لیے جمعے کو لندن کے سینٹ پالز کیتھڈرل میں تھینکس گیونگ کا تہوار منایا جائے گا۔ ہفتے کو بکنگھم پیلس میں ایک محفل موسیقی منعقد ہوگی جب کہ اتوار کو ایک نمائش منعقد ہوگی جس میں ہزاروں فنکار حصہ لیں گے، جن میں خصوصی طور پر اسکولوں اور کمیونٹی گروپ شامل ہوں گے۔ اس موقع کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں اسٹریٹ پارٹیز ہوں گی۔ اس روایت کا 1953ء میں آغاز ہوا جب ملکہ کی تاجپوشی کی رسم ادا کی گئی تھی۔

دوسری جانب، جمعرات کو پریڈ کے روٹ پر کچھ افراد نے رکاوٹیں عبور کرکے احتجاجی جلوس نکالا۔ 'اینیمل ربیلئن' نامی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظاہرین شاہی زمین کو واگزار کرانے'' کا مطالبہ کر رہے تھے۔

جمعرات کو شام گئے اے پی نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بکنگھم پیلس کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملکہ برطانیہ تاج پوشی کی پلاٹینم جوبلی کے سلسلے میں جمعے کو سینٹ پال کیتھڈرل میں ہونے والی تقریب میں ''طبیعت کی ناسازی کے باعث'' شرکت نہیں کر پائیں گی۔

پیلس کے حوالے سے خبر میں بتایا گیا ہے کہ ملکہ آج کی خصوصی پریڈ اور فلائی پاسٹ دیکھ کر ''بہت خوش ہوئیں''، لیکن ان کی طبیعت ناساز ہوگئی ہے۔

(خبر میں شامل مواد ایسو سی ایٹڈ پریس سے لیا گیا ہے)

XS
SM
MD
LG